سرگودھا: اے سی ریونیو کو ہتھکڑی لگانے پر 3 دن سے جاری ہڑتال مؤخر
سرگودھا (نامہ نگار) ایپکا ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے سرگودھا کی تحصیل ساہیوال کے اسسٹنٹ کمشنر کو سول کورٹ میں ہتھکڑی لگانے اور نصف گھنٹہ تک پابند رکھنے کے واقعہ پر تین روز سے جاری ہڑتال موخر کر کے گزشتہ روز تمام ملازمین نے کام شروع کر دیا۔ ذرائع کے مطابق تجاوزات کی خلاف مقامی وکیل نے سول کورٹ میں درخواست دائر کی جس میں عدالتی حکم کی پروا نہ کرنے پر متعلقہ افسران کے ورانٹ گرفتاری جاری کئے گئے۔ عدالت میں پیش اسسٹنٹ کمشنر کو نا مناسب رویہ پر ہتھکڑی لگوا دی گئی نصف گھنٹہ بعد معذرت پر رہائی عمل میں آئی تو ریونیو ڈیپارٹمنٹ ملازمین نے اقدام پر احتجاج کرتے ہوئے کام چھوڑ ہڑتال کر دی۔ تین روز تک جاری رہنے کے بعد اپیکا ریونیو ڈیپارٹمنٹ ضلع سرگودھا نے اس معاملہ پر کی گئی ہڑتال موخر کرنے کا اعلان کر دیا۔ جس پر تمام ملازمین نے کام شروع کر دیا۔ جس کے باعث تین روز سے سائلین کے رکے کاموں پر عمل درآمد شروع ہو گیا تاہم اپیکا ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ معاملہ پر چیف سیکرٹری پنجاب اور چیف جسٹس ہائی کورٹ لاہور کی طرف سے اعلی سطح کمیٹی کا قیام عمل میں آیا ہے جو میرٹ پر حقائق کی روشنی میں فیصلہ دے گی منصفانہ انکوائری کی یقین دہانی پر ہڑتال موخر کر دی گئی۔