جامعات کو منشیات، ہیپاٹائٹس سے پاک کرنے کے اقدامات کر رہے ہیں: گورنر
لاہور (سٹاف رپورٹر+نیوز رپورٹر)گورنر پنجاب، چانسلر پنجاب یونیورسٹی چوہدری محمد سرور نے کہا ہے یونیورسٹیوں کو ہیپاٹائیٹس اور ڈرگز سے پاک کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب یونیورسٹی الرازی ہال میں ہیپاٹائیٹس اور ڈرگ فری پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پنجاب یونیورسٹی شعبہ سوشل ورک اور سرور فائونڈیشن کے اشتراک سے منعقدہ تقریب میں مسز پروین سرور، ممبر صوبائی اسمبلی مسرت جمشید چیمہ، وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سلیم مظہر، وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی، وائس چانسلر لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ مرزا، چیئرپرسن شعبہ سوشل ورک پروفیسر ڈاکٹر سیدہ مہناز حسن، ہیپاٹائیٹس پروگرام کنٹرول مینجر ڈاکٹر خالد محمود، ڈاکٹر ذیشان دانش، فیکلٹی ممبران اور طلبائو طالبات نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں چوہدری محمد سرور نے کہا کہ قوم اور ملک پبلک پرائیویٹ اشتراک، ٹرانسپرنسی اور احتسابی عمل کے بغیر ترقی نہیں کر سکتے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹرشپ کے نتیجے میں گوہر اعجاز کے چیئرمین بورڈ آف گورنز بننے کے بعد جناح ہسپتال کے تمام شعبو ں میں بہتری آئی ہے۔ حکومت کی طرف سے ہیپاٹائیٹس کی تشخیص کے لئے مفت ٹیسٹ کئے جائیں گے اور مریضوں کا مفت علاج کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہیپاٹائیٹس خاموش قاتل ہے۔ انہوں نے پنجاب بھر کی یونیورسٹیوں میں ہیپاٹائیٹس ایلیمینشن سنٹرز قائم کرنے کے متعلق منصوبہ کا اعلان کیا۔ گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے ڈرگ اور ہیپاٹائٹس فر ی مہم کا پنجاب یونیورسٹی سے باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے کہا کہ منشیات فروش بھی کسی دہشت گرد سے کم نہیں انکا مکمل صفایا کر یں گے۔ یونیورسٹیز کے قر یبی علاقوں جہاں سے طلباء کو منشیات فراہم کی جارہی ہیں وہاں حکومتی ادارے سخت آپر یشن کر یں گے۔