• news

ابھرتے خطرات کے مقابلے کیلئے پاکستان ، چین کی جنگی تیاریوں میں اضافہ بے حد اہمیت کا حامل: آرمی چیف

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کہا ہے کہ  مشترکہ تربیتی مواقع، ابھرتے ہوئے خطرات کا مقابلہ کرنے کی خاطر دونوں ملکوں کی جنگی تیاریوں میں  اضافے کیلئے بے حد اہمیت کے حامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ایئر چیف مجاہد انور خان کے ساتھ گزشتہ روز ایک آپریشنل ایئر بیس پر پاک چین فضائی افوج کی مشترکہ مشقیں"شاہین نہم" ملاحظہ کیں اور اس موقع پر مشقوں کے شرکاء  سے خطاب کرتے ہوئے مذکورہ خیالات کا اظہار کیا۔ یہ مشق دونوں ملکوں کے درمیان 2011ء سے شروع ہونے والی ان مشقوں کا حصہ ہے جو بالترتیب چین اور پاکستان میں منعقد ہوتی ہیں۔ ایئر چیف نے مشقوں میں آرمی چیف کا خیرمقدم کیا۔ اپنے خطاب میں آرمی چیف نے کہا کہ مشترکہ مشق ابھرتے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کیلئے  دونوں ملکوں کی فضائی افوج کی جنگی صلاحیت اور ان کی مل کر کام کرنے کی استعداد میں  زبردست اضافہ کرے گی۔ ایئر بیس کے عملہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ایئر فورس کی پیشہ ورانہ استعداد اور لگن کی تعریف کرتے ہوئے آپریشنل کامیابیوں کیلئے مسلح افوج کے درمیان ہم آہنگی کی اہمیت اجاگر کی۔ انہوں نے کہا کہ  عمدہ مورال اور شاندار پیشہ ورانہ استعداد ایئر فورس کو بے نظیر بناتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن