• news

نواز شریف اور اسحاق ڈار کو اللہ ہی لائے گا تو وہ آئیں گے: شیخ رشید

اسلام آباد (این این آئی‘ وقائع نگار) وزیر داخلہ شیخ رشید نے واضح کیا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو اللہ ہی لائے گا تو وہ آئیں گے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ اب اتوار سے نادرا کے دفاتر کھلے رہیں گے، پہلا شناختی کارڈ مفت ہوگا جو 15 دن میں بنے گا، پاکستان کے تمام سفارت خانوں میں نادرا اور پاسپورٹ کے دفاتر کھولے جائیں گے، اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل 2 ماہ میں حل کر لیے جائیں گے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ پی ڈی ایم کو کرونا کی کوئی پروا ہ نہیں، اپوزیشن کو سینیٹ کے الیکشن میں حصہ لیتے دیکھ رہا ہوں، 12 فروری سے الیکشن ہوسکتے ہیں، حتمی طور پر نہیں کہہ سکتے کیونکہ یہ تو سپریم کورٹ کے فیصلے سے ہی پتہ چلے گا۔ دریں اثناء وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے جمعہ کو فاطمہ جناح پارک ایف نائن میں جاز ڈرائیو ان سینما کا باقاعدہ افتتاح کردیا، ڈرائیو ا ن سینما منصو بہ انٹرنیٹ براڈ بینڈ سروس فراہمی کے نمبر ون 4Gآپریٹر جاز،ایکٹیو میڈیا اور سی ڈی اے کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے۔ افتتاحی تقریب کے شرکانے کرونا ایس او پیز پرمکمل عمل پیرا ہوکر، آرام دہ ماحول میں مقبول فلموں سے لطف اٹھایا۔اس دوران شرکا کو گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے کھلی جگہ فراہم کی گئی تھی جبکہ ریڈیو فریکواینسی کی مدد سے گاڑیوں کے اندر ہی فلم کی آواز کو انفرادی طورپر کنٹرول کرنے کا اختیار دیا گیا تھا۔اس موقع پر کھانے پینے کے مختلف اسٹالز بھی لگائے گئے تھے جہاں زندگی کے ہر طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد، ڈرائیو ان سینما کے تجربہ کے ساتھ ساتھ من پسند اشیا خورونوش سے بھی لطف اندوز ہوتے رہے۔جاز ڈرائیو ان سینما کے آفیشل ڈیجیٹل پے منٹ پارٹنر ہونے کی حیثیت سے جاز کیش نے ٹکٹ کاونٹرز اور فوڈ سٹالز پر خصوصی ڈسکاونٹ آفرکررکھی ہے جو کہ ایک محدود مدت تک مزیدبھی جاری رہے گی۔پہلے شو کی شاندار کامیابی کے بعد جاز ڈرائیو ان سینما پرہر جمعہ، ہفتہ اور اتوار کی شام خاندان کے ہر فرد کی پسند کے مطابق،کلاسک، ایکشن، سائنس فکشن،متحرک (کارٹونز پر مبنی)اور مزاحیہ فلمیں پیش کی جائیں گی۔

ای پیپر-دی نیشن