سرکاری اراضی پر قبضے کا الزام‘ مدثر قیوم ناہرہ گرفتار‘ غلام دستگیر کیخلاف مقدمہ
گوجرانولہ‘ نوشہرہ ورکان‘ قلعہ دیدار سنگھ (نمائندہ خصوصی‘ نمائندہ نوائے وقت ‘نامہ نگار)کروڑوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی پر قبضے کے الزام میں مسلم لیگ ن کے سابق رکن قومی اسمبلی مدثر قیوم ناہرہ کو محکمہ اینٹی کرپشن نے گرفتار کرلیا۔ سابق ایم این اے کو تھانہ اینٹی کرپشن ماڈل ٹائون نے گرفتار کیا۔ تفصیلات کے مطابق کروڑوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی پر قبضے کے الزام میںمسلم لیگ (ن) کے سابق رکن قومی اسمبلی مدثر قیوم ناہرہ کو محکمہ اینٹی کرپشن نے ان کے علاقہ نوشہرہ ورکاں سے گرفتار کرلیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر سہیل اشرف نے ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کو ریفرنس بھیجا تھا جس میں کہا گیا کہ سابق رکن قومی اسمبلی مدثر قیوم ناہرہ نے 267کنال سے زائد کی اراضی پر ناجائز قبضہ کر رکھا تھا جسے ناجائز قابضین سے واگزار کروایا جائے۔ جس پر کارروائی کرتے ہوئے محکمہ اینٹی کرپشن نے مسلم لیگ ن کے سابق ایم این اے مدثرقیوم ناہرہ کو گرفتار کر لیا۔ مدثر قیوم ناہرہ نوشہرہ ورکاں سے قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی کے رکن رہ چکے ہیں۔گرفتار کیے گئے مدثر قیوم ناہرہ کا بھائی اظہر قیوم ناہرہ نوشہرہ ورکاں سے ن لیگ کے رکن قومی اسمبلی ہے۔ دریں اثناء ڈی سی کے ریفرنس پر سابق وفاقی وزیر خرم دستگیر کے والد غلام دستگیر کے خلاف تحصیل کونسل اور صوبائی حکومت کی 1کنال 10مرلہ زمین پر قبضہ کرنے پر اینٹی کرپشن نے مقدمہ درج کر لیا۔ ڈی سی کا مقدمہ میں نامزد ملزمان سے پینل رینٹ کی مد میں 1کروڑ 71لاکھ سے زائد تاوان وصول کرنے کا حکم جبکہ مقدمہ میں ایم او پلاننگ طاہر گجر اور سابق بلڈنگ انسپکٹر سرفراز احمد کو غلام دستگیر کی معاونت پر نامزد کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ غلام دستگیر خان نے 1967سے سرکاری اراضی پر قبضہ کر رکھا تھا جسے واگزار کروا لیا گیا ہے۔ تھانہ اینٹی کرپشن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مدثر قیوم ناہرہ کا کہنا تھا کہ ہم نے کسی سرکاری اراضی پر قبضہ نہیں کیا۔ یہ سلیکٹڈ اور نالائق حکومت سمجھتی ہے کہ اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے ہم میاں نوازشریف اور میاں شہباز شریف سے پیچھے ہٹ جائیں گے۔ ہم پہلے بھی میاں برادران کے ساتھ تھے اور اب پہلے سے زیادہ مضبوطی کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) مریم نواز نے مسلم لیگ (ن) کے سابق رکن قومی اسمبلی مدثر قیوم ناہرا کی گرفتاری کی مذمت کی ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر مریم نواز نے کہا ہے کہ ریاستی مشینری کا ناجائز استعمال کرکے آپ لیگی عہدیداران کو بے قصور گرفتار تو کرسکتے ہو لیکن ووٹ کو عزت دو بیانیے کا علم تھامے نڈر اور بیباک سپاہیوں کو منزل تک پہنچنے سے ہرگز نہیں روک سکتے۔ مدثر قیوم ناہرا کی گرفتاری واضح کرتی ہے کہ سلیکٹڈ حکومت عوامی قہر کے سامنے گھٹنے ٹیک چکی ہے۔