پشاور ، مردان میں دہشتگردی کے منصوبے ناکام ، را کے ایجنٹ ، 9افغان باشندے، 8سہولت کار گرفتار
لاہور‘ مردان (نوائے وقت رپورٹ) سی ٹی ڈی نے مردان سے 5 را کے ایجنٹ افغان باشندوں کوگرفتار کرکے مردان‘ پشاور میں دہشتگردی کے منصوبوں کو ناکام بنا دیا۔ سی ٹی ڈی کے مطابق دہشتگردوں سے خودکش جیکٹ ‘ 5 دستی بم اور بارودی مواد برآمد کر لیا گیا۔ ایس پی فضل واحد نے کہا ہے دہشتگرد افغان باشندے بھارتی ایجنسی را کی ایماء پر دہشتگردی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ دہشتگردوں سے 2 کلاشنکوف‘ 2 پستول اور سینکڑوں کارتوس برآمد ہوئے۔ دہشتگردوں کو را کی ہدایت پر خیبرپی کے بھیجا گیا تھا۔ دہشتگردوں نے مردان اور پشاور میں دہشتگردی کی حکمت عملی بنائی تھی۔ ملزمان کی گرفتاری انٹیلی جنس کے خفیہ اطلاع پر ہوئی۔ علاوہ ازیں سکیورٹی فورسز نے خیبر کے علاقے سے کالعدم تنظیم کے اہم کمانڈر سمیت 4 دہشتگردوں گرفتارکرلیا۔ ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز اور پولیس نے گزشتہ رات خیبر کے علاقہ سپاہ میں ایک مکان پر چھاپہ مارا جہاں سے کالعدم لشکر اسلام کے کمانڈر ذاکر آفریدی سمیت 4 دہشتگردوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 3 خودکش جیکٹس برآمدکی گئیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں سے 6 دیسی ساختہ بم بھی برآمد ہوئے اور ان کی نشان دہی پر بڈھ بیر میں بھی کارروائی کی گئی جہاں سے دہشتگردوں کے 8 سہولت کاروں کو گرفتار کیا گیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو مزید تفتیش کے لیے خفیہ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ دہشتگردوں نے 25 دسمبر کو پشاور میں بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔