محمد عامر کی ریٹائرمنٹ پاکستان کرکٹ کیلئے اچھی خبر نہیں:کامران اکمل
لاہور(سپورٹس رپورٹر)ٹیسٹ کرکٹر کامران اکمل کا کہنا ہے کہ محمد عامر کی ریٹائرمنٹ کا فیصلہ پاکستان کرکٹ کے لیے اچھا نہیں ہے، تجربے کرکے ملکی کرکٹ کا برا حال کردیا گیا ہے۔کامران اکمل نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ورک لوڈ کی وجہ سے محمد عامرنے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی جو کہ بہتر فیصلہ تھا تاہم ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کو جواز بنا کر عامر کو دیگر فارمیٹ سے الگ کرنا ٹھیک نہیں ہے۔ وکٹ کیپر بیٹسمین نے کہا کہ محمد عامر دنیا کی ہر لیگ کھیل رہا ہے، قومی ٹیم میںآنے کی بھی صلاحیت رکھتا ہے مگر تجربے کرکے ملکی کرکٹ کا برا حال کردیا گیا ہے۔ کامران اکمل کاکہنا تھا کہ ذاتی تعلقات پر ٹیم بنانے سے کرکٹ کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پی سی بی نے محمد عامر کو بہت سپورٹ کیا، عامر نے موجودہ مینجمنٹ کی وجہ سے فیصلہ لیا، نئی مینجمنٹ آئے گی تو ہو سکتا ہے چیزیں بہتر ہوں۔