قومی اسمبلی انتخابات بھی قبل از وقت ‘ سینٹ الیکشن کا طریقہ تبدیل: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ سینیٹ ہی نہیں قومی اسمبلی کے انتخابات بھی قبل ازوقت ہونے چاہئیں۔ ایوان بالا کے الیکشن کے طریقہ کار کو تبدیل ہونا چاہیے۔ لیکن حکومت کا مسئلہ یہ ہے کہ انہیں اپنے اراکین پر اعتماد نہیں رہا۔ یہی فکر حزب اختلاف کی دو بڑی جماعتوں کو بھی ہے۔ شفاف اور متناسب نمائندگی کے ذریعے انتخابات وقت کی ضرورت ہیں۔ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کو تین تین مرتبہ اقتدار ملا، لیکن انہوں نے عوام کو کچھ دینے کی بجائے اپنے مفادات کو ترجیح دی۔ موجودہ حکومت بھی ناکامیوں کی حدوں کو چھو رہی ہے۔ قوم کے لئے متبادل صرف جماعت اسلامی ہے۔ قرآن و سنت کا نفاذ ہی ہمارے تمام مسائل کا حل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاکھا مسجد حیدرآباد میں خطبہ جمعہ اور میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ بعدازاں انہوں نے ٹنڈوآدم میں سابق امیر جماعت اسلامی ضلع سانگھڑ عبدالعزیز غوری کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر مرکزی نائب امیر اسداللہ بھٹو، امیر صوبہ محمد حسین محنتی، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد اصغر، صوبائی سیکرٹری جنرل کاشف شیخ، صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ شفاف الیکشن کا انعقاد جمہوریت کی بقا کے لئے بہت ضروری ہے اور اس کے لئے سیاسی جماعتوں کے درمیان ڈائیلاگ ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کی طرح سابقہ جماعتیں بھی اسٹیبلشمنٹ کے تعاون سے اقتدار میں آئیں، لیکن پی ٹی آئی نے تو اسٹیبلثمنٹ کے کردار کو پوری طرح نمایاں کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اتحادوں کا حصہ بننے کی بجائے ایک متبادل آپشن کے طور پر جدوجہد کررہی ہے۔ ہمارا مقصد پاکستان کو اسلامی ریاست بنانا ہے۔ ہم عوام کو موجودہ مہنگائی اور بے روزگاری سے نجات دلانا چاہتے ہیں۔ ہم نظام کی تبدیلی چاہتے ہیں چہروں کی نہیں۔ انہوں نے سابق امیر مشتاق احمد خان کی بیٹی، سابق امیر شیخ شوکت علی، معروف دانشور ڈاکٹر عابد لغاری، پروفیسرحکیم الدین کی وفات پر ان کے لواحقین سے تعزیت کی اور مرحومین کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔