آرمی چیف سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات
پاکستان میں متعین برطانیہ کے ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچین ٹرنر نے گزشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ٹرنرنے افغان امن عمل اور خطہ میں امن و استحکام برقرار رکھنے میں پاک فوج کے کردار کی تعریف کی۔
خطہ بری طرح دہشتگردی اور بد امنی کی لپیٹ میں آیا ہوا ہے۔اس کے پیچھے بڑی بڑی طاقتیں ہیں۔پاک فوج نے نقاب الٹ کر پوری دنیا کو ان کے مکروہ چہرے دکھادیئے۔پاکستان کا افغان امن عمل میں بہترین کردار رہا۔امریکہ جو کام نیٹو کو ساتھ لے کربندوق سے نہ کرسکا پاکستان کے آمادہ کرنے پر وہ مذاکرات سے ہوگیا۔اس معاملے میں پاک فوج حکومت کے شانہ بشانہ رہی۔ پاکستان خود بری طرح دہشتگردی کی لپیٹ میں تھا۔ پاک فوج نے اس دہشتگردی کی ایک بہت بڑی وجہ پاک افغان سرحد پر باڑ لگا کر ختم کردی۔جس سے خطے کا امن بحال ہونے میں مدد ملی اس کے اثرات عالمی امن پر بھی مرتب ہورہے ہیں۔پاک فوج کا عالمی امن کیلئے اپنی افواج کو عالمی امن فوج کا حصہ بنانا بھی اہم ہے۔پاک فوج کے اس کردار کو پوری دنیا میں سراہا جا رہا ہے۔