یو اے ای لاکھوں پاکستانیوں کا دوسرا گھر‘ ویزا پابندیاں عارضی: اماراتی وزیر خارجہ
اسلام آ باد، دبئی (سٹاف رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے کہا ہے کہ امارات 15لاکھ پاکستانیوں کا دوسرا گھر ہے۔ موجودہ سفری بندشیں کرونا وائرس کی وجہ سے ہیں۔ اماراتی وزیر خارجہ نے کہا کہ یو اے ای اور پاکستان کے تعلقات میں گہرائی بھی ہے اور اس میں مزید وسعت کی گنجائش بھی موجود ہے۔ یو اے ای نے پاکستان سمیت 11 ممالک کے مسافروں کو ویزوں کا اجراء روک دیا۔ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان کا کہنا ہے کہ پاکستانی برادری نے امارات کی تعمیرو ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ دریں اثناء وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ ویزا سے متعلق پاکستانیوں کی تشویش پر یو اے ای میں بات ہوئی۔ ہمیں بتایا گیا کہ ویزا معاملہ عارضی بنیاد پر ہے۔ کرونا کی وبا سے دنیا بھر میں مشکلات ہیں۔ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ویزوں کا معاملہ ملکر طے کرنا ہے۔ ایک سوال پر کہا کہ یو اے ای سے تعلقات میں تبدیلی دکھائی نہیں دی۔ اپنا نقطہ نظر پیش کرنے اور ان کی طرف سے کوئی ہچکچاہٹ دکھائی نہیں دی۔ مشترکہ اعلامیے میں یو اے ای کے وزیر خارجہ نے ہمارے موقف کی تائید کی۔ یو اے ای سے ہمارے تعلقات اچھے ہیں اور اچھے رہیں گے۔ سعودی عرب سے دو ارب ڈالر وقتی طور پر لئے گئے تھے۔ تیل کی قیمتیں گرنے سے سعودی بجٹ پردباؤ آیا۔ ہمیں سعودی عرب کی ضروریات کو سمجھنا چاہئے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے میڈیا کے سوالوں پر کہا کہ متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود نے اماراتی قیادت سے ملاقاتوں میں پاکستانیوں پر ویزا پابندیوں اور یو اے ای میں مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود سے متعلق گفتگو کی تھی۔