اگلا حج مہنگا ہو سکتا ہے‘ عازمین کو کرونا ویکسین دیکر بھیجا جائیگا: نورالحق قادری
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر برائے مذہمی امور نورالحق قادری نے کہا ہے کہ ممکن ہوا تو تمام عازمین حج کو کرونا ویکسین لگا کر سعودی عرب بھیجا جائے گا۔ جس کے باعث آئندہ برس ہونے والا حج کرونا ایس او پیز کے باعث مہنگا ہو سکتا ہے۔ کراچی میں حج آرگنائزر گروپ کے ساتھ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر مذہبی امور نے نورالحق قادری نے آئندہ حج مہنگا ہونے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ حج کرونا کی نذر ہو گیا تاہم آئندہ حج کے لیے سعودی حکام سے زیادہ سے زیادہ سہولتیں حاصل کریں گے۔ حج اخراجات کے حوالے سے وفاقی وزیر نے بتایا کہ کرایوں کا تعلق ایئرلائن سے ہے، ایس او پیز کے ساتھ کرائے بہت بڑھ گئے لیکن کوشش کریں گے کہ کم سے کم کرائے مقرر کرائے جائیں۔ حج انتظامات اور کرایوں میں سبسڈی سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نورالحق قادری نے بتایا کہ شرعی اور مالیاتی نکتہ نظر سے حج سبسڈی پر سوالات اٹھائے گئے تھے جن کی وجہ سے سبسڈی کم کر دی گئی ہے۔ نورالحق قادری نے کہا کہ 2021ء کے حج کے بارے میں سعودی حکام سے ابھی تک کوئی پیشکش نہیں کی گئی۔ سعودی وزارت سے پیکش ہوتے ہی حج پالیسی کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔