جس نے لانگ مارچ کرنا ہے اسلام آباد آئے،استقبال کیلئے تیار ہیں : شیخ رشید
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ڈنکے کی چوٹ پر کہتا ہوں عمران خان پانچ سال پورے کریں گے اور معاشی حالات بہتر کر کے قوم کو آگے لے کر جائیں گے۔ جس نے لانگ مارچ کرنا ہے کر لے۔ اسلام آباد آنا ہے آجائیں، استقبال کے لئے تیار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ استقبالیہ ناشتے پر آپ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انشاء اللہ 70 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ23 دسمبر کو وزیراعظم پولیس لائنز میں تقریب میں شرکت کریں گے۔ عمران خان کا کریڈٹ ہے کہ پولیس کو پہلی مرتبہ اتنی عزت ملنے جا رہی ہے۔ اسلام آباد میں تین کے سوا تمام چیک پوسٹیں ختم کردی ہیں۔ 23دسمبر کو وزیراعظم فنڈ دیں گے تو تمام چیک پوسٹیں ختم کر دیں گے۔ تمام تحصیلوں میں شناختی کارڈ دفتر کھولے جائیں گے جو تحصیلیں رہ گئی ہیں وہاں ہر ہفتے ایک دفتر کھولیں گے۔ انہوں نے کہا وزیراعظم نے مجھ پر اعتماد کیا ہے۔100 دن میں وزارت داخلہ میں تبدیلی نظر آئے گی۔ امیگریشن، نادرا، پاسپورٹ، ایف آئی اے سمیت تمام ادارے قوم کی خدمت کے لیے ہوں گے۔ جنھوں نے استعفے فروری میں دینے ہیں وہ کل دے دیں اپنا شوق پورا کریں۔ معاشی، سیاسی حالات سے نکال کر عمران خان قوم کو آگے لے کر جائے گا۔ عمران خان ملک کی معیشت کو بھی بہتر کرے گا۔