خیرپور میں آوارہ کتے وحشی بن گئے سات بچیوں سمیت 18 افراد کو کاٹ لیا
خیرپور(آئی این پی ) سندھ کے ضلع خیرپور میں آوارہ کتوں نے سات بچیوں سمیت اٹھارہ افراد کو کاٹ لیا، زخمی ہونے والے افراد کو جب ہسپتال منتقل کیا گیا تو بیشتر زخمیوں کو ویکسین نہ مل سکی، جس کے باعث متاثرہ افراد اور ان کے ورثا کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ رپورٹ کے مطابق نو افراد کو طبی امداد کے لئے خیر پور کے نجی ہسپتال میں منتقل کیا گیا ہے۔صوبہ سندھ میں مختلف مقامات سے یہ اطلاعات بھی ملی ہیں کہ اینٹی ریبیز ویکسین کی عدم دستیابی بھی شہریوں کے لیے سخت مشکلات پیدا کررہی ہے۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق پچھلے سال کتے کے کاٹنے کے 2 لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 25 جان کی بازی ہار گئے۔ آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد سے خوفزدہ شہریوں کا حکومت سے مطالبہ ہے کہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر قابو پانے کے لیے مثر پالیسی مرتب کی جائے تاکہ قیمتی زندگیاں متاثر ہونے سے بچ سکیں۔