• news

نوازشریف کی واپسی، جو الہام شیخ رشید کو ہے مجھے نہیں: گورنر سرور

لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ امید ہے جنوری میں اپوزیشن اور حکومت میں مذاکرات کا آغاز ہو جائے گا۔ اپوزیشن کے استعفوں اور لانگ مارچ کی نوبت نہیں آئیگی۔ اتوار کے روز پولو کلب لاہور میں تقسیم انعامات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں چوہدری محمد سرور نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ اپوزیشن میں ابھی تک لانگ مارچ اور استعفوں کے معاملے پر اتفاق نہیں اور ابھی تک اپوزیشن اس نتیجے پر نہیں پہنچی کہ پہلے استعفے دینے ہیں یا لانگ مارچ کر نا ہے۔ مجھے توقع ہے کہ اپوزیشن جوش نہیں ہوش سے فیصلے کریگی اور مذاکرات کی میز پر آئیگی۔ دنیا میں تمام مسائل کا حل آخر کار مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہوتا ہے۔ گورنر پنجاب نے نوازشریف کی وطن واپسی کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ وفاقی حکومت اس بارے میں تمام معاملات کو دیکھ رہی ہے اور جہاں تک وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا تعلق ہے تو نوازشریف کی وطن واپسی کے بارے میں جو الہام شیخ رشید کو ہے مجھے نہیں ہے۔ شیخ رشید وزیر داخلہ ہیں انکو یقینی طور پر حکومتی معاملات کا زیادہ علم ہوتا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں گورنر نے کہا کہ میرے اور وزیر اعلی سردار عثمان بزدار سمیت تمام حکومت ایک پیج پر ہیں۔ جہاں تک بیوروکریسی کا تعلق ہے تو وہ صوبے کے چیف ایگز یکٹو وزیر اعلی سردار عثمان بزدار کے ہی ماتحت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن