صدر علوی کا شہداء نائیک شاہجہان‘ سپاہی حمید کے اہلخانہ کو فون‘ تعزیت
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے لائن آف کنٹرول پر شہید ہونیوالے جوانوں کے لواحقین سے فون پر رابطہ کیا۔ صدر نے نائیک شاہجہان اور سپاہی حمید کے اہلخانہ سے بات چیت کی۔ انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی کی دعا کی اور ان کی جرات و بہادری کو خراج عقیدت پیش کیا اور تعزیت کی۔ دریں اثناء صدر ڈاکٹر عارف علوی نے اسلامی ممالک سے کہا ہے کہ وہ عالمی سطح پر ٹیکنا لوجی کی تیز رفتار ترقی کیساتھ ہم آہنگ ہونے کیلئے کوششیں تیز کریں ورنہ وہ پیچھے رہ جائینگے۔ صدر گذشتہ روز عالمی الفارابی فورم سے خطاب کر رہے تھے جس کا انعقاد اسلامی تعاون کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی کامسٹیک نے کیا تھا۔ صدر نے کہا کہ اسلامی دنیا سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبہ میں مغرب اور دوسرے ممالک کے ہم قدم ہونے کیلئے پیش رفت کریں۔ یہ فورم ممتاز مسلمان سائنسدان اور فلاسفر ابو نصر الفارابی کی 1150 ویں برسی کے موقع پر حکومت پاکستان اور قزاقستان کی حکومت کے اشتراک سے منعقد کیا گیا تھا۔ صدر نے کہا کہ کامس ٹیک کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ مسلمان ممالک کو سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبہ میں ترقی کیلئے متحرک کرے۔ صدر نے کہا کہ ہماری دانش کردار اور اخلاقیات کو سائنسی ترقی میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ صدر نے کہا کہ اسلامی امہ کیلئے وقت آ گیا ہے کہ وہ الفارابی کے راستے پر چلے جنہوں نے سیاسی فلسفہ، میٹا فزکس اور منطق پر بہت کام کیا۔ الفارابی نے افلاطون اور ارسطو کو عربی میں ترجمعہ کیا، اس کے علاوہ انہوں نے ریاضی اور کاسمالوجی میں بھی زبردست کام کیا۔ بدقمستی یہ ہے کہ اقوام متحدہ جیسا ادارہ بھی انسانیت اور اخلاقی اصولوں کی پاسداری نہیں کر رہا اور انہیں کشمیریوں پر ہونیوالے مظالم کا احساس نہیں۔