• news

بین المذاہب کرسمس تقریب، پاکستان کا آئین اقلیتوں کو مکمل تحفظ دیتا ہے: طاہر اشرفی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) یو آر آئی پاکستان اور پیس سینٹر لاہور کی مشترکہ کاوش سے پیس سینٹر عرب ہائوسنگ سوسائٹیز، فیروز پور روڈ لاہور میں مسیحیوں کے عالمی مذہبی تہوار کرسمس کے موقع پر بین المذاہب کرسمس کی شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں پاکستان کے مختلف شہروں سے مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے مذہبی قائدین، انسانی حقوق کے علمبرداروں، امن کے داعی، سماجی تنظیموں اور میڈیا نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی معاون خصوصی وزیراعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی پاکستان مشرق وسطیٰ حافظ طاہر محمود اشرفی تھے جبکہ صوبائی وزیر اقلیتی امور و انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹین نے تقریب کی صدارت کی۔ کرسمس تقریب کی میزبانی او پی ریجنل کوارڈینیٹر یو آر آئی آل پاکستان، ڈائریکٹر پیس سینٹر فادر جیمز چنن نے کی۔ فادر جیمز نے تمام معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہاکہ آ ج کے دن ہمارے دل خوشیوں سے مسرور ہیں کیونکہ آج بہت ہی عظیم تہوار ہے ۔ اس دن ہم خداوند یسوع مسیح کا جنم دن مناتے ہیںجبکہ آج ہم وطن پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگیں گے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ طاہر محمود اشرفی نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی اور کہا کہ ہم آپ کی خوشیوںمیں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جہاں تک مذہبی آزادیوں کا تعلق ہے تو پاکستان کا آئین مذہبی اقلیتوں کو مکمل تحفظ اور آزادی دیتا ہے۔ کیونکہ اسلام میں مذہبی اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کیا گیا ہے جبکہ یہ ایک اٹل حقیقت ہے کہ پاکستان میں ہندوؤں، سکھوں اور مسیحوں کے علاوہ بعض دوسرے مذاہب کو ماننے والے بھی چین اور سکھ سے رہتے ہیں۔ انہوں نے مسیحی برادری سے اپیل کی کہ کرسمس کے موقع پر کرونا کی وباء کو پیش نظر رکھتے ہوئے، حکومت پاکستان کی جانب سے مقرر کردہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے جبکہ حکومت نے تمام تر حفاظتی انتظامات یقینی بنائے ہیں تاہم حکومت تن تنہا کچھ نہیں کر سکتی بلکہ ہر کسی کو ذمہ دار شہری ہونیکا ثبوت دیتے ہوئے مکمل احتیاط سے کام لینا ہوگا۔ صوبائی وزیر اقلیتی امور و انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹین نے کہا کہ بلا شبہ حضرت عیسیٰ دنیا میں محبت اور امن کا پیغام لے کر آئے اور ان کی تعلیمات ہم سے تقاضہ کرتی ہیں کہ معاشرے میں باہمی یگانگت اور بھائی چارے کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب بھرمیں تمام مسیحی اپنے مکمل حقوق کے ساتھ ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ بزدار حکومت ان کے مسائل حل کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے ۔ جن میں مسیحی آبادیوں میں ضروری شہری سہولیات کی فراہمی، چرچز کی مرمت و بحالی اور ملازمتوں میں کوٹے پر عملدرآمد شامل ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کے دور اقتدار میں پاکستان بھر میں بسنے والی مذہبی اقلیتوں کو ہر میدان میں یکساں مواقع فراہم کیئے جارہے ہیں تاکہ وہ بھی پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں نمایاں کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے شرکا ء کو بتایا کہ حال ہی میں ایک نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے ،جس کے تحت اب عیسائی کی بجائے ہر جگہ مسیحی کا لفظ لکھا جائیگا اور انہوں نے خوشخبری سنائی کہ کرسمس کی آمد سے قبل تمام مسیحی ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ تقریب سے دیگر شرکاء نے بھی خطاب کیا اور تمام تر مذاہب کے درمیان بھائی چارے، امن و اتحاد کی فضاء کو قائم کرنے کے حوالے سے تحریک انصاف کی حکومت کی کاوشوں کو بے حد سراہا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی انٹر فیتھ ہارمنی کو فروغ دینے میں تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیکر آگے کا سفر جاری رکھا جائیگا۔ تقریب کے اختتام پر حافظ طاہر محمود اشرفی، صوبائی وزیر اعجاز عالم نے پاسٹرز،بشپس اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے مذہبی نمائندگان کے ہمراہ کرسمس کا کیک بھی کاٹا۔ تقریب میں شرکت کرنیوالوں میں خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبدالخبیر آزاد، مولانا پیر شفاعت رسول، علامہ زبیر حامد، حافظ نعمان حامد، سہیل احمد رضا، مفتی عاشق حسین، پروفیسر محمود غزنوی، پادری ڈاکٹر مجید ایبل، پادری ساجد معراج، علامہ ڈاکٹر بدر منیر، مولانا عاصم مخدوم، ریورنڈ شاہد معراج، فادر پیٹرک پیٹر او پی، مس شبنم ناگی، مس انیلہ ڈوگر، ڈاکٹر منور چند، علامہ عارف اصغر چشتی، ڈاکٹر کنول فیروز، ڈاکٹر سعدہ عمر، فادر تقفیق یونس او پی وغٖیرہ شامل تھے۔

ای پیپر-دی نیشن