سی پیک منصوبوں پر غیر معمولی کام کرنیوالے پاکستانیوں کو ایوارڈ سے نوازاگیا
اسلام آباد ( سپیشل رپورٹ) پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے کہا ہے کہ کووڈ 19 کی وبا کے باوجود پاکستان اور چین نے سی پیک منصوبوں پر اہم پیشرفت کی ہے اور کئی ہم منصوبے مکمل کئے ہیں۔ چینی سفیر گذشتہ روز سی پیک منصوبوں پر غیر معمولی کام کرنیوالے پاکستانیوں کو ایوارڈ دینے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل ر عاصم باجوہ بھی موجود تھے۔ چینی سفیر نے کہا کہ جب پانچ سال پہلے چین کے صدر شی جن پنگ نے پاکستان کا دورہ کیا تھا اس وقت سے اب تک گوادر پورٹ، انفراسٹرکچر اور توانائی کے کئی اہم منصوبے مکمل کر لئے گئے ہیں۔ چینی سفیر نے کہا کہ سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ عظیم منصوبے کا حصہ ہے۔ سی پیک پاکستان اور چین کے تعاون اور دوستی کا مظہر ہے۔ پاکستان اور چین کی دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے اور سی پیک منصوبہ اسی دوستی کا ایک عملی نمونہ ہے۔ یہ منصوبہ دونوں ملکوں کے مشترکہ مستقبل کا بھی ایک عکس ہے۔ چینی سفیر نے کہا کہ سی پیک کے ذریعے پاکستان دوسرے ملکوں سے رابطوں کو مستحکم بنا رہا ہے۔ گوادر کی بندرگاہ توانائی کے منصوبے اور انفراسٹرکچر کے کئی منصوبوں کے علاوہ دونوں ممالک صنعت اور زراعت میں بھی تعاون کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ چینی او رپاکستانی کارکن اپنے خون پسینے سے ان منصوبوں کو مکمل کر رہے ہیں۔ چینی سفیر نے کہا کہ چینی کارکنوں کو شروع میں جن مشکلات کا سامنا تھا، انھوں نے ان پر قابو پا لیا ہے۔ چینی سفیر نورنگ رونگ نے ایوارڈ حاصل کرنیوالے پاکستانیوں کو مبارکباد بھی دی۔