پی ڈی ایم کی کرونا پر سیاست چمکانے کی کوشش ناکام، خود انتشار کا شکار ہوچکی: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے شاہدرہ میں بچی کے قتل کے واقعہ پر لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے اور لواحقین کو ہر قیمت پر انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ ریاست اپنی ذمہ داری آخری حد تک نبھائے گی۔ عثمان بزدار نے سینیٹر کلثوم پروین کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ عثمان بزدار نے گرین ٹائون میں تہرے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی۔ ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی کرونا پر سیاست چمکانے کی کوشش بری طرح ناکام رہی۔ بے حس سیاستدانوں نے لوگوں کی زندگیاں داؤ پر لگانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ کرونا میں سنگ دلی کا مظاہرہ کرنے پر عوام اس ٹولے کو تنہا چھوڑ چکے ہیں۔ پی ڈی ایم کے عاقبت نااندیش عناصر آج اپنی خود غرضی کی سزا بھگت رہے ہیں۔ پی ڈی ایم خود انتشار کا شکار ہو چکی۔ عوام کی خدمت کے سفر کو یہ عناصر نہیں روک سکتے۔