لاہور جلسے سے کرونا کا تعلق نہیں ، اصل وائرس اسلام آباد میں ہے، شاہد خاقان عباسی
اسلام آباد(نا مہ نگار)سابق وزیر اعظم اور رہنما مسلم لیگ ن شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ لاہور کے جلسے سے کرونا وائرس کا کوئی تعلق نہیں ہے بلکہ اصل کورونا وائرس تو اسلام آباد میں ہے۔پیر کوسابق وزیر اعظم اور رہنما مسلم لیگ ن شاہد خاقان عباسی نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکو مت کی کرپشن کسی کو نظر نہیں آتی، 4، 5سالوں سے کیسز چل رہے ہیں اس پر کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔انہوں نے کہا کہ آج گیس بجلی پانی نہ ہونے سے لوگ پریشان ہیں جبکہ ہماری حکومت میں گیس کا بحران کبھی نہیں آیا، وزیر اعظم اور ان کے وزرا روز ٹی وی پر آکر جھوٹ بولتے ہیں۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پی ڈی ایم لانگ مارچ کی طرف جارہی ہے عوام کی آواز اٹھائے گی،جس سے ریلوے نہیں چلتی اسے وزیر داخلہ بنادیا گیا، اسٹیبلشمنٹ سے ہمارا کوئی جھگڑا نہیں ہے جو آئین توڑے گا ہم اس کے خلاف ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نیب کا ادارہ کوئی ایک جماعت ختم نہیں کرسکتی، نیب کے ادارے نے ملک کو نقصان پہنچایا، نیب نے کوئی ایک مثبت کام نہیں کیا، صرف پیسے بنانے کا کام کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کا کورونا جب تک ختم نہیں ہوگا ملکی حالات ٹھیک نہیں ہوں گے، حکومت کی خواہش ہے پی ڈی ایم میں اختلافات پیدا ہوں۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جو آئین کیخلاف اور الیکشن چوری کرتا ہے ہم اس کیخلاف ہیں، فروری سے عوام کی تکالیف کم ہوں گی۔