بلوچستان: شہید ہونیوالے لانس نائیک‘ میانوالی میں جوان محمد اعظم فوجی اعزاز کیساتھ سپرد خاک
کوٹ ادو‘ میانوالی (نامہ نگار+ خبر نگار) بلوچستان میں شہید ہونیوالا لانس نائیک کوٹ ادو میں فوجی اعزازکیساتھ سپرد خاک، کوٹ ادو کے نواحی علاقہ پل 88 کے ملک یسین لک کے بیٹے لانس نائیک ملک محمد اقبال لک، بلوچستان کے علاقہ آواران کے جٹ بازار میں سرچ آپریشن کے دوران زخمی ہو ئے اور کراچی ہسپتال میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔ شہید کا جسد خاکی کراچی سے آبائی گاؤں کوٹ ادو لایا گیا۔ شہید کی نماز جنازہ گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کوٹ ادو شہر اور دوسری آبائی علاقہ پل اٹھاسی میں ادا کی گئی جس میں ہزاروں افراد شریک ہوئے۔ اس موقع پر آرمی کے چاق چوبند دستہ نے شہید کو سلامی پیش کی۔ بعد ازاں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین کر دی گئی۔ دوسری جانب پاک آرمی کے شہید محمد اعظم کی نمازجنازہ ادا کردی گئی۔ شہید کی قبرپر صدرچیف آف آرمی سٹاف اور سٹیشن کمانڈر ڈی آئی خان کی طرف سے پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں پاک آرمی کے جوان شہید محمد اعظم ولد حافظ محمد خان قوم گھوگھال سکنہ ڈھوک ساونی چکڑالہ کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔ شہید کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ فیصل کالونی چکڑالہ کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ شہید کی نماز جنازہ مفتی محمد زاہد صاحب نے پڑھائی۔