قانون کے بارے میں لاعلمی، ہائیکورٹ کا قصور بار کے صدارتی امیدوار کو 50 ہزار جرمانہ
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے قصور بار ایسوسی ایشن کے صدارتی امیدوار کی قانون کے بارے میں لاعلمی پر ناراضگی کا اظہار کیا اور 50 ہزار روپے جرمانہ کر دیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے قصور بار کے صدارتی امیدوار فیض الرحمان کی درخواست پر سماعت کی جس میں درخواست گزار امیدوار کے کاغذات نامزدگی جمع ہونے کے باوجود اسے انتخابی فہرست میں شامل نہ کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے استفسار کیا کہ لیگل پریکٹیشنر ایکٹ کے تحت عدالت آنے سے پہلے داد رسی کا کونسا فورم ہے جس پر وکیل نے نفی میں جواب دیا اور کہا کہ انہیں علم نہیں ہے۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ وکلا کی ایسو سی ایشن کو تماشہ بنا دیا ہے۔ یہ نظام آ گیا ہے کہ لیگل پریکٹیشنر پڑھے بغیر وکلاء کی نمائندگی کے لیے آ گئے۔