• news

ہماری حکومت میں مودی کو مظالم کی جرات نہ ہوتی‘ بلاول: آزاد کشمیر کے وفد کی ملاقات 

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری  سے سپریم کورٹ بار کے سابق صدر سید قلب حسن  نے  ملاقات  کی۔ ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال  پر تبا دلہ  خیال  کیا گیا۔  ملاقات میں سید نیر حسین بخاری، فرحت اللہ بابر، قمر زمان کائرہ،  سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر اور  سینیٹر عینی مری بھی موجود تھیں۔ دریں اثناء  بلاول بھٹو زرداری سے پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری لطیف اکبر کی قیادت میں ایک وفد نے زرداری ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وفد میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری یاسین، پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے سیکرٹری جنرل فیصل ممتاز راٹھور، سیکرٹری اطلاعات سردار جاوید ایوب اور ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات سید عزادار حسین کاظمی نے چیئرمین کو بھارت کی طرف سے سیز فائر لائن کی خلاف ورزی، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم، انسانی حقوق کی پامالی اور آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنمائوں کی گرفتاریوں اور ان پر تشدد کی کارروائیوں سے آگاہ کیا۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ان کا دل مقبوضہ کشمیر کے عوام کے لئے دھڑکتا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا پی پی کی حکومت ہوتی تو  مودی کو کشمیر میں مظالم ڈھانے کی جرات نہ ہوتی۔ اقوام متحدہ بھارتی غیر قانونی قبضے والے کشمیر میں ہونے والے مظالم کا نوٹس لے۔

ای پیپر-دی نیشن