رضوان نے وائٹ واش سے بچالیا، تیسرا ٹی ٹونٹی میچ پاکستان، سیریز نیوزی لینڈ کے نام
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )تیسرے ٹی20 میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو4 وکٹوں سے شکست دیدی، پاکستان کو جیت کیلئے174 رنزکا ہدف ملا ‘ 19.4 اوورز میں6 وکٹوں پر پورا کیا۔ سیریز 1-2 سے نیوزی لینڈ کے نام رہی، محمد رضوان نے 89 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، 3 چھکے اور 10 چوکے شامل تھے۔محمد حفیظ 41 رنز بناکر نمایاں رہے، خوشدل شاہ 13 اور حیدر علی نے 11 رنز بنائے، فہیم اشرف 2 اور کپتان شاداب خان صفر پر آؤٹ ہوئے۔نیپئر میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹی20 میچ میںتیسرے میچ میں شاداب خان نے ٹاس جیت کر ماضی کے برعکس پہلے بائولنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ کیویز کی جانب سے ڈیون کونوے 63 رنزکیساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ ٹم سیفرٹ 35، گلین فلپس31، مارٹن گپٹل 19 رنزپرآؤٹ ہوئے۔نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے7وکٹوں پر173رنز بنا سکی، سکاٹ کگلین 14 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بنے جبکہ کپتان کین ولیمسن 1 رن بنا کر فہیم اشرف کا شکار بنے۔فہیم اشرف نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ ٹیم میں عماد وسیم، وہاب ریاض اور عبداللہ شفیق کی جگہ حسین طلعت، افتخار احمد اور محمد حسنین کو شامل کیا جبکہ نیوزی لینڈ نے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔شاداب خان نے کہا کہ دو میچ ہارنے کے بعد کھلاڑیوں کو جیت کیلئے کارکردگی دکھانے کیلئے ہدایات دی گئی تھیں ۔ سب پر عزم تھے کہ آخری میچ جیت کر ٹیسٹ ٹیم کیلئے مورا ل میں اضافہ کریں گے جس میں کامیاب رہے ۔ محمد رضوان نے اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا جس کی بدولت ہدف حاصل کرنے میں کامیابی ملی ۔ پاکستان کو سپورٹ کرنے پر شائقین کے شکر گزار رہیں ۔ کپتان نیوزی لینڈ کین ولیم سن نے کہا کہ میچ ہارنے پر مایوسی ہو ئی ‘ہدف تھا کہ سیریز میں وائٹ واش کرینگے لیکن ناکام رہے ۔ کھلاڑیوں سے غلطیاں ہوئی ہیں تاہم سیریز جیتنے پر سب خوش ہیں ۔ ٹیسٹ سیریز میں بھی اچھی کارکردگی کامظاہرہ کریں گے ۔ پاکستان کے نیوزی لینڈ میں آنے اور سیریز کو کرونا کے باوجود ممکن بنانے پر شکر گزار ہیں ۔