اپوزیشن کے اے ٹو زیڈ تمام پلان فلاپ ہو نگے: گورنر سرور
لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے اے سے لیکر زیڈ تک تمام پلان فلاپ ہی ہوں گے۔ استعفے اور لانگ مارچ سمیت کسی احتجاج سے حکومت اپنے اصولی مؤقف سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گی۔ سینٹ انتخابات میں بھی تحریک انصاف واضح کامیابی حاصل کر لے گی۔ وہ منگل کے روز گورنر ہاؤس لاہور میں صوبائی وزیر انرجی ڈاکٹر اختر ملک سمیت دیگر وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔ بعدازں مختلف اضلاع سے اقلیتوں کے نمائندوں نے بھی گورنر پنجاب سے ملاقات کی۔ اس موقعہ پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتیں جتنی آزاد ہیں دنیا میں اسکی کوئی اور مثال نہیں ملتی۔ اقلیتوں کو مذہبی آزادی سمیت تمام سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوں کیساتھ جو مظالم ہو رہے ہیں وہ بدتر ین دہشت گردی ہے۔ علاوہ ازیں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی زیر صدارت گورنر ہاؤس لاہور میں ایچی سن کالج کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس ہوا جبکہ اجلاس میں ایچی سن کالج کے پرنسپل مائیکل تھامسن، سیکرٹری ٹو گورنر پنجاب ڈاکٹر راشد منصور جبکہ صوبائی وزیر تعلیم مراد راس اور صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت سمیت بورڈ آف گورنرز کے دیگر ممبران ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ بورڈ آف گورنرز نے کرونا وباء کے پیش نظر ٹیوشن فیس میں آئندہ 6ماہ تک اضافہ نہ کرنے کی باقائدہ منظوری دیدی ہے۔