سگیاں: گیس سلنڈر پھٹنے سے پلاسٹک فیکٹری میں آتشزدگی‘ کروڑوں کا نقصان
لاہور+فیروزوالہ (نامہ نگار)سگیاں پل کے علاقے میں پلاسٹک کی اشیاء بنانے والی 5منزلہ فیکٹری میں گیس سلنڈر پھٹنے سے خوفناک آتشزدگی کے باعث کروڑوں روپے مالیت کا سامان جل کر راکھ ہو گیا جبکہ تیسرے فلور کی چھت بھی گرگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سگیاں پل کے قریب5منزلہ فیکٹری میں گیس سلنڈر پھٹنے کے باعث آگ بھڑک اٹھی۔ اس دوران تین مزید گیس سلنڈر زوردار دھماکے سے پھٹ گئے۔ جس کے باعث آگ تیزی سے پھیل گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے عمارت کی پانچوں منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ قریبی عمارتوں میں موجود افراد خوفزدہ ہو کر باہر نکل آئے۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر 9گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق فیکٹری میں موجود کیمیکل سلنڈر اور پلاسٹک کی وجہ سے آگ پر قابو پانے میں دشواری ہوئی۔ 3فلور مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔ بلڈنگ کی حالت کافی مخدوش ہو چکی ہے اور کسی بھی وقت گر سکتی ہے جبکہ فیکٹری کے مالک فاروق کے مطابق فیکٹری میں 60ملازم کام کرتے ہیں۔ آگ لگنے سے کروڑوں روپے مالیت کا میٹریل بھی جل کرتباہ ہو گیا ہے۔