5خود کشیاں: فیصل آباد میں لڑکے اور خاتون نے زہر کھا لیا
فیصل آباد/ بھکھی/ شیخوپورہ/ رحیم یار خان (آن لائن+ نامہ نگار خصوصی+کرائم رپورٹر) فیصل آباد میں گھریلو حالات سے تنگ اٹھارہ سالہ لڑکے اور 25 سالہ خاتون نے خود کشی کر لی۔ شیخوپورہ کے نواحی علاقہ میں ناچاقی پر نوجوان کاشتکار نے زہر کھا لیا۔ رحیم یار خان میں بھی گھریلو تنازعات پر دو خواتین نے جان دیدی۔ فیصل آباد سے آن لائن کے مطابق 163 ر ب کے اٹھارہ سالہ شہباز نے گھریلو حالات سے دلبرداشتہ ہو کر گندم میں رکھے والی گولیاں نگل لیں۔ علاوہ ازیں کوٹ شاکر کی 25 سالہ فاخراں بی بی زوجہ محمد صدیق نے کالا پتھر نگل لیا۔ دونوں الائیڈ ہسپتال میں زندگی کی بازی ہار گئے۔ بھکھی، شیخوپورہ سے نامہ نگا خصوصی کے مطابق نواحی آبادی کلچی ڈوگراں کے نوجوان کاشتکار محمد فیضان نے گھریلو ناچاقی کی بناء پر گندم میں رکھے والی زہریلی گولیاں کھا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی۔ رحیم یارخان سے کرائم رپورٹر کے مطابق چک126/pکی رہائشی21 سالہ ثانیہ بی بی اور راجن پور کی رہائشی30سالہ سمیرا بی بی کو اقدام خودکشی کرنے پر ورثاء نے انتہائی تشویشناک حالت میں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا جہاں پر موجود ذرائع نے بتایا کہ دونوں نے گھریلو ناچاقی کے باعث ہونے والے جھگڑوں سے دلبرداشتہ ہوکر کالا پتھر مشروب میں ملا کر پی لیا، دونوںدم توڑگئیں۔