شہباز پیشی پر صفائی دینے کی بجائے بیماری کا رونا روتے ہیں: فیاض چوہان
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر جیل خانہ پنجاب فیاض الحسن چوہان نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی جانب سے احتساب عدالت پیشی پر جیل انتظامیہ اور کیس کے حوالے سے غلط بیانی پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ جب بھی شہباز شریف پیشی پر آتے ہیں تو اپنی کرپشن، بددیانتی اور ٹی ٹیز پر صفائی دینے کی بجائے اپنی بیماری کا رونا روتے ہیں۔ ایک دھیلے کی کرپشن نہ کرنے کی غزل سناتے ہیں اور بعد میں (ن) لیگی ترجمان دن بھر وہی گردان دہراتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز کا استعفیٰ صرف سوشل میڈیا پر آیا ہے لیکن پرویز الہی کی ٹیبل پر نہیں آیا۔ انہوں نے کہا شہباز شریف کے تمام ٹیسٹ کروائے۔ میڈیکل بورڈ نے رپورٹس دکھانے کا کہا تو انہوں نے اپنی رپورٹس دینے سے انکار کر دیا اور اپنی مرضی کے چار پرائیویٹ ڈاکٹرز کو بورڈ میں شامل کرنے کی ضد کی۔ ڈاکٹر شعیب اور ڈاکٹر عدیل روزانہ شہباز شریف کی فزیو تھراپی کرتے رہے۔ اب پیشی پر شہباز شریف نے کینسر کا رونا رویا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اور جیل انتظامیہ آئندہ دو روز میں کہ کینسر کے پروفیسرز اور ڈاکٹرز کے بورڈ کا فیصلہ کرے گی۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز بی کلاس کے ملزم ہیں اور انہیں بی کلاس کے مطابق تمام قانونی سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ قوم سے وعدہ ہے جیل میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز سے کوئی زیادتی نہیں ہوگی۔