عالمی وباء‘ معاشی مسائل کے باوجود سی پیک میں بڑی پیشرفت ہوئی: عاصم باجوہ
اسلام آباد (شِنہوا) سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ نوول کرونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث معاشی اور صحت کے مسائل کے باوجود چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے منصوبوں میں بڑی پیشرفت ہوئی ہے۔ سی پیک منصوبوں کے پاکستانی عملہ کو ایوارڈ دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ دنیا بھر میں نوول کرونا وائرس کے باعث شدید دھچکا کے باوجود پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل کرنے کے بعد سی پیک کو دوسرے مرحلے میں شیڈول کے مطابق توسیع دی جارہی ہے جس میں معاشی استحکام اور پاکستانی عوام کی فلاح یقینی بنائی جائے گی۔ پاکستان میں چینی سفارتخانے کی جانب سے منعقدہ تقریب کی مزید تفصیلات کے مطابق پن بجلی کے منصوبوں، اورنج لائن میٹرو ٹرین اور گوادر بندرگاہ سمیت سی پیک کے تحت توانائی اور ڈھانچے کے مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے عملے کے کل 18ارکان نے نمایاں کارکردگی پر ایوارڈ وصول کیا۔ انہوں نے مزید کہاکہ آنے والے دنوں میں پاکستانی عوام سی پیک کی وجہ سے سب سے بڑے فوائد دیکھیں گے جن میں بڑے پیمانے پر مقامی ملازمتیں، ٹیکنالوجی اور خاص طور پر سائنس وٹیکنالوجی، صنعت اور زراعت کے نئے شعبوں میں تبدیلی دیکھیں گے۔ پاکستان میں چینی سفیر نونگ رونگ نے کہاکہ سی پیک نے عظیم کامیابی حاصل کی ہے۔ سفیر نے کہا کہ دونوں فریقین نے نوول کرونا وائرس کی مشکلات پر قابو پالیا ہے اور مربوط انداز میں تعاون کے نئے راستے اپنائے ہیں ۔جاری سال میں سی پیک منصوبوں کی کسی قسم کی تعمیر نہیں روکی گئی۔ کسی ملازمت میں کمی نہیں کی گئی اور مزدوروں کو نہیں نکالا گیا۔ انہوں نے کہاکہ اگلے مرحلے میں ہم صنعتی تعاون، زراعت اور سماجی و اقتصادی ترقی پر توجہ دیں گے ۔