اقوام متحدہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا نوٹس لے‘ حریت کانفرنس‘ مبصرمشن کے سامنے مظاہرہ
اسلام آباد (انٹرنیشنل ڈیسک) اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی جانب سے اقوام متحدہ کے مبصر مشن کے سامنے مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے بھارتی فورسز کی جانب سے ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی اور حریت وفد نے اقوام متحدہ مبصر مشن کو مذمتی یادداشت پیش کی۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ بھارتی جارحیت اور کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا نوٹس لے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں یو این کی گاڑی کو نشانہ بنانا بھارتی جارحیت کا منہ بولتا ثبوت ہے، لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف کی گئی، عالمی برادری اور اقوام متحدہ خاموش تماشائی بننے کے بجائے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں، قراردادیں موجود ہونے کے باوجود کشمیری اپنے حق خودارادیت سے محروم ہیں۔