• news

کسانوں کی خوشحالی وقت کی ضرورت، مطالبات کے حق میں ہرفورم پر آواز اٹھائی: پرویز الٰہی

لاہور (نامہ نگار خصوصی) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے سپیکر چیمبر میں ضلعی صدر پاکستان مسلم لیگ راولپنڈی و پولیٹیکل کوآرڈی نیٹر سپیکر پنجاب اسمبلی زبیر احمد خان اور جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ راولپنڈی فیاض تبسم نے ملاقات کی۔ اس موقع پر ملکی سیاسی صورتحال اور مسلم لیگ راولپنڈی کی ضلع میں اب تک ہونے والی تنظیم سازی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ پنجاب میں بلدیاتی الیکشن میں بھر پور حصہ لے گی۔ اس سلسلہ میں عوامی خدمت کا جذبہ رکھنے والی شخصیات کو ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے جائز مطالبات کو پورا کرنے کیلئے ہم نے ہر فورم پر آواز بلند کی ہے۔ کسانوں کو خوشحال کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ ضلعی صدر زبیر احمد خان نے چودھری پرویزالٰہی کو دورہ راولپنڈی کی دعوت دی جس پر انہوں نے کہا کے کرونا وائرس کی وبا ختم ہوتے ہی ضلع راولپنڈی کا دورہ کروں گا اور ورکرز کنونشن سے خطاب بھی کروں گا۔ دریں اثناء پرویزالٰہی اور صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ سے ڈیموکریسی رپورٹنگ انٹرنیشنل کے وفد نے کنٹری ہیڈ جاوید احمد ملک کی قیادت میں ملاقات کی۔ وفد میں قریش خان پراجیکٹ منیجر اور صوبائی کوآرڈی نیٹر سمعیہ یوسف جبکہ ملاقات میں سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی اور ڈی جی پارلیمانی امور عنایت اللہ لک بھی شریک تھے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے ڈیموکریسی رپورٹنگ انٹرنیشنل کی کارکردگی کو سراہا۔ ملاقات میں کرونا کے بعد کی صورتحال پر صوبائی اسمبلی کے کام کو جاری رکھنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن