افغانستان میں امن وسطی ایشیا کیساتھ رابطے کیلئے ضروری ہے :ڈاکٹر معید یوسف
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) معاون خصوصی قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین مربوط معیشت ہونی چاہئے۔ دونوں ملک مشترکہ مفادات رکھتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک افغان ٹریک ٹو مذاکراتی اجلاس میں بات چیت کرتے ہوے کیا ۔ ڈاکٹر معید یوسف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں افغانستان میں امن عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ڈاکٹر معید یوسف نے کہا پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ دونوں ممالک کے معاشی خوشحالی ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہے۔ پاکستان،افغانستان کو معاشی طور پر مضبوط دیکھنا چاہتا ہے۔ڈاکٹر معید یوسف نے کہا پاکستان اقتصادی سلامتی پر کام کر رہا ہے۔ افغانستان میں امن وسطی ایشیا کے ساتھ رابطے کے لئے بہت ضروری ہے ، جس کے باعث پاکستان اور افغانستان خوشحال ہوں گے۔ڈاکٹر معید یوسف نے کہا مستحکم اقتصادی تعلقات ،ویزا سہولیات ، تجارت ، کْرم اور چترال میں دو بارڈر مارکیٹیں اور افغان عوام کی فلاح و بہبود کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات ہیں۔ اس موقع پرافغان وفد نے کہا افغانستان میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لئے پاکستان کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔ وفد کا کہنا تھا دونوں ممالک کے مابین تجارتی تعلقات اور عوام سے عوام کے رابطوں میں مزید پیشرفت ہو گی۔