• news

آئی ایم ایف کی تابعداری میں بجلی مزید مہنگی کرنیکی تیاری ہو رہی: سراج الحق

لاہور (آئی این پی )امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت کی غریب مکائو مہم کے تحت آئی ایم ایف کی تابعداری جاری ہے اور ایک دفعہ پھر بجلی اور گیس کی قیمتیں بڑھانے کی تیاری ہو رہی ہے۔ قرضے مؤخر کروانا مسئلے کا حل نہیں، معیشت کو سود سے پاک اور استعمار کے شکنجے سے آزاد کرانے کی ضرورت ہے۔ ملک دوراہے پر کھڑا ہے، عوام کو گھسے پٹے نظام سے نجات حاصل کرنے کے لیے ایماندار قیادت کا انتخاب کرنا ہو گا۔ پتا لگایا جانا چاہیے کہ چینی، آٹا، پیٹرول کے بحرانوں سے ملک کو کتنے ارب کا نقصان ہوا۔ مردم شماری میں کراچی کی عوام کے ساتھ دھوکا ہوا۔ان کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کریں گے۔ گوجرانوالہ کے بعد پنجاب کے دیگر شہروں میں مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف بھرپور جلسے کیے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے بدھ کو منصورہ میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر سراج الحق نے  واضح کیا کہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں مزید اضافہ کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ مہنگائی کے طوفان نے پہلے ہی عام آدمی کی کمر توڑ دی ہے ۔اب لوگ میں ظالم حکمرانوں کے مزید ظلم سہنے کی سکت نہیں رہی۔ جماعت اسلامی کی مہنگائی، بے روزگاری اور سودی معیشت کے خلاف تحریک کے دوسرے فیز کا آغاز گوجرانوالہ سے کر رہے ہیں جس کے بعد پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی جلسے ہوں گے۔ 

ای پیپر-دی نیشن