ناروے سفیرکی ملاقات: پاکستان میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں: عمر ایوب
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)وزیر توانائی عمر ایوب نے کہا ہے کہ پاکستان میں قابل تجدید توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں،توانائی کے شعبے میں سرمایہ کار کو فروغ دینے کیلئے شفافیت کو یقینی بنایا جائیگا،توانائی منصوبوں سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔بدھ کو ناروے کے سفیر نے وزیرِ توانائی عمر ایوب سے ملاقات کی ،ملاقات میں توانائی کے شعبہ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وزیر توانائی عمر ایوب نے کہا کہ پاکستان میں قابل تجدید توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، مقامی وسائل سے توانائی کی پیداوار سے سستی بجلی میسر ہو گی۔انہوں نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں غیر ملکی کمپنیوں سے ٹیکنالوجی کی منتقلی کو بڑھانے کو ترجیح دی جائے گی، قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کی تکمیل مسابقتی بولی کے ذریعے کی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں سرمایہ کار کو فروغ دینے کیلئے شفافیت کو یقینی بنایا جائیگا،توانائی منصوبوں سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔نارویجین سفیرنے کہا کہ ناروے پاکستان کی قابل تجدید توانائی کے شعبے میں تعاون جاری رکھے گا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قابل تجدید پالیسی قابل ستائش ہے۔