• news

شہباز کے باہر آنے پر شاہی خاندان میں بڑا میچ پڑے گا: فردوس عاشق

لاہور (نیوز رپورٹر+سپورٹس رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کرونا کی صورتحال تشویشناک اور پی ڈی ایم کی صورتحال ’’پتلی‘‘ ہے۔ وباء میں انسانی زندگیوں کو دائو پر لگانے والوں کی اپنی سیاست دائو پر لگ گئی ہے۔ پی ڈی ایم میں اعلانیہ بغاوت ہو چکی ہے اور مولانا کا بھانڈا ان کے اپنوں نے ہی پھوڑ دیا ہے۔ استعفوں کی فلم چلنے سے پہلے ہی فلاپ ہو چکی ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار آئسولیشن میں بھی ضروری سرکاری امور نمٹا رہے ہیں اور انہوں نے ہدایت کی ہے کہ کرونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔ دریں اثناء ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق غریب طبقے کے ساتھ صحافیوں کو بھی معیاری رہائشی سہولیات فراہم کرنے کیلئے لائحہ عمل ترتیب دیاجارہاہے اور لاہور میں تیار کئے جانے والے پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ میں صحافیوںکا کوٹہ مقرر کرانے کیلئے متعلقہ حکام سے بات چیت کی جارہی ہے۔ صحافی کالونی میں بی بلاک کے پلاٹوں پر قبضہ جلد چھڑوا لیا جائے گا۔ ٹرانسفر کر دیئے گئے ہیں۔ مزید براں مسیحی برادری کے ٹی وی چینل کے زیراہتمام کرسمس کا کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت اقلیتی برادری کے لئے لیے گرانقدر کام کر رہی ہے۔ علاوہ ازیں معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے لاہور ہاکی سٹیڈیم میں صوبائی وزیر کھیل اور امور نوجوانان رائے تیمور بھٹی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت پنجاب کے عوام کو سپورٹس پالیسی دینے جا رہی ہے۔ اجڑے میدانوں کو آباد کرنے اور کھلاڑیوں کو بین الاقوامی مقابلوں کے لیے تیار کرنے کی منصوبہ بندی کر لی ہے۔ صحافیوں  کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ شہباز شریف باہر آئیں گے تو شاہی خاندان کے گھر میں بڑا میچ پڑے گا اور گھر کی دونوں بڑی ٹیمیں آپس میں ٹکرائیں گی۔ مریم نواز اور شہباز شریف کا میچ کانٹے دار اور دلچسپ ہوگا۔ شاہی خاندان ہر بار حمزہ شہباز کو گروی رکھ کر باہر فرار  ہوتا رہا۔

ای پیپر-دی نیشن