• news

فساد کی اصل جڑ فضل الرحمن، ملک، سیاست اور اپنے اوپر رحم کریں: شیخ رشید 

 اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ غریب لوگوں کو 3 ہزار روپے کی فیس پر 10سال کے لئے کارآمد پاسپورٹ جاری ہو گا۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ہم نے پاسپورٹ سے متعلق تاریخی فیصلے کیے ہیں۔ 28 اپریل سے نیا پاسپورٹ جاری کرنے جا رہے ہیں۔ آفیشل اور ریڈ پاسپورٹ کو تبدیل نہیں کیا۔ مشرقی وسطیٰ جانے والوں کو 10 سال کے لئے پاسپورٹ جاری کریں گے۔ غریب لوگوں کو 3 ہزار روپے کی فیس پر 10سال کے لئے پاسپورٹ جاری ہو گا۔ سی پیک میں کام کرنے والے چینی شہریوں کیلئے ویزا کی سہولت مزید آسان کریں گے۔ بیرون ملک مقررہ میعاد سے زائد عرصے سے مقیم 64 سرکاری افسران کو 120دن میں واپس بلایا جائے گا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کابینہ نے مجھے ای سی ایل کمیٹی کا انچارج بنایا ہے۔ جرائم میں ملوث لوگوں کے علاوہ دیگر کو بلیک لسٹ سے نکالا جائے گا۔ بلیک لسٹ میں ایک لاکھ کے قریب لوگ ہیں، جنہیں 25 ہزار تک لایا جائیگا۔ شیخ رشید  نے کہا کہ وزیراعظم نے  پی ڈی ایم کے استقبال کے لئے ابھی  کوئی ہدایت نہیں کی۔ میرا سیاسی تجزیہ ہے کہ اپوزیشن سینٹ انتخابات میں حصہ لے گی۔ پیپلز پارٹی اچھا کھیل رہی ہے۔ وہ ضمنی الیکشن کی تیاری کر رہی ہے اور سینٹ الیکشن میں بھی حصہ لے گی۔ فساد کی اصل جڑ مولانا فضل الرحمن ہے۔ وہ ملک، سیاست اور اپنے اوپر رحم کریں۔ دہشتگردوں کے نشانے پر جو 20 سیاستدان ہیں ان میں مولانا فضل الرحمان سب سے اوپر ہیں۔ بے نظیر کی جان کو خطرے سے آگاہ کرنے والوں کے خلاف مقدمہ کیا گیا۔ ایسا نہ ہو مستقبل میں مجھ پر مقدمہ درج کردیا جائے۔ آج سے ایس ایم ایس سروس کا آغاز کیا جا رہا ہے تاکہ پاسپورٹ کی معیاد ختم ہونے  سے پہلے ہی خبردار کر دیا جائے اور شہری بروقت پاسپورٹ کی تجدید کرا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن پاسپورٹ سرورس میں تھوڑا وقت لگے گا اس سلسلہ میں اقدامات کر رہے ہیں۔ 120 دنوں کے اندر ایکسپریس پاسپورٹ کا اجراء کریں گے جس کے ذریعے ایک دن میں پاسپورٹ حاصل کیا جا سکے گا۔ پاسپورٹس کی ہوم ڈلیوری اسلام آباد میں کی جا رہی ہے۔ راولپنڈی میں بھی اسے فوری طور پر شروع کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کیا جائیگا۔ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کی معاشی صورتحال خراب ہے کیونکہ 6,6  ارب کی بجائے 2,2 ارب کا بجٹ ملا اس صورتحال کو بہتر بنائیں گے۔ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کیلئے بڑی فنڈنگ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویزہ آن آرائیول وزیراعظم کی ہدایت ہے۔ اس سلسلہ میں کام کر رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن