انقرہ: پاک ترک ملٹری ڈائیلاگ کا 15 واں اجلاس، مشترکہ نقطہ پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان اور ترکی کے اعلیٰ سطحی ملٹری ڈائیلاگ گروپ کا 15 واں اجلاس انقرہ میں ہوا۔ ڈپٹی چیف آف ترک جنرل سٹاف جنرل سیلیوک بیرکارتو اولو نے ترک وفد کی قیادت کی۔ جبکہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) میاں محمد ہلال حسین، سیکرٹری دفاع نے مذاکرات میں پاکستان کے وفد کی قیادت کی۔ وزارت دفاع کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ 22 سے 23 دسمبر تک اس اجلاس میں، دونوں وفود نے فوجی تربیت ، تعلیم ، انسداد دہشت گردی اور دفاعی صنعت میں مشترکہ پیداوار اور خریداری سمیت باہمی تعاون کے تمام مواقعوں پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں اطراف نے مشرق وسطی، جنوبی ایشیاء اور افغانستان سمیت موجودہ علاقائی ماحول کے بارے میں مشترکہ نقطہ نظر پر تبادلہ خیال کیا۔ فریقین نے دفاعی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کی توسیع کی۔ اس اجلاس میں اس پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا جو گذشتہ سال اپریل میں پاکستان میں ہونے والے ایچ ایل ایم ڈی جی کے آخری اجلاس کے بعد سے ہوئی ہے۔ پاکستان-ترکی HLMDG کا اگلا اجلاس 2021 میں پاکستان میں منعقد ہوگا۔ لیفٹیننٹ جنرل (ر) میاں محمد ہلال حسین نے ترکی کے وزیر قومی دفاع ہولوسی اکار، چیف جنرل ترک سٹاف جنرل یاسر گلر ، ترکی کے دفاعی صنعتوں کے صدر پروفیسر ڈاکٹر اسماعیل ڈیمر اور ترک ایرو اسپیس کے سی ای او ڈاکٹر تیمل کوٹل سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ پاکستانی وفد نے دفاعی صنعتی فرم بشمول بائیکار (یو اے وی او ای ایم)، ایسالسان، ہیوالسان اور TAI کا بھی دورہ کیا۔