• news

پاکستان چین فضائی مشق شاہین 9 اختتام پذیر سکیورٹی چیلنجز کا متحد ہو کر مقابلے کا عزم

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاک فضائیہ کے آپریشنل ائیر بیس پر جاری پاک چین مشترکہ فضائی مشق شاہین- نہم  اختتام پزیر ہو گئی ہیں۔ پاک فضائیہ کے سربراہ  ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ پاکستان میں تعینات چینی سفیر  نونگ رونگ نے بھی اختتامی تقریب میں معزز مہمان کی حیثیت سے شرکت کی۔ تقریب کے آغاز پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔ اس  چینی سفیر جناب نونگ رونگ نے کہا کہ موجودہ سکیورٹی حالات میں بڑھتی ہوئی پیچیدگیوں کے باعث بین الاقوامی اور علاقائی حالات میں نمایاں تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں۔ خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے اور مشترکہ چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے لئے دونوں ممالک اور انکی مسلح افواج کا باہمی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس مشق کے دوران دونوں فضائی افواج نے عسکری میدان میں متعدد کامیابیاں اور مشترک مقاصد حاصل کئے ہیں۔ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا کہ موجودہ عالمی سکیورٹی حالات اور ائیر وار فئیر کی بدلتی ہوئی صورتحال کے پیشِ نظر نہ صرف پاکستان اور چین بلکہ دونوں ممالک کی افواج کے مابین بھی شراکت داری میں اضافہ وقت کی اہم  ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ امر قابلِ ستائش ہے کہ ہر گزرتے سال کے ساتھ پاک چین دوستی مزید مستحکم ہوتی جا رہی ہے۔ تعاون کے اس ضمن میں سی پیک کا منصوبہ ایک گیم چینجر  ہے اور دونوں ممالک کے مشترکہ مقاصد اور کامیابی کا مظہر ثابت ہو گا۔ ایئر چیف نے کووڈ-19 سے منسلک خطرات کے باوجود اتنے بڑے فوجی دستے کو مشق میں شرکت کے لئے بھیجنے پر کمانڈر PLAAF جنرل ڈنگ لائی ہانگ کا شکریہ بھی ادا کیا۔ مشترکہ فضائی مشق پاک فضائیہ اور چینی فضائیہ کے جدید جنگی طیاروں اور دیگر سپورٹ عناصر نے شرکت کی۔ خطے میں بدلتے ہوئے حالات اور سکیورٹی کو لاحق خطرات کے تناظر  میں پاک فضائیہ ملکی اور غیر ملکی سرزمین پر اسی طرح کی آپریشنل مشقوں کا انعقاد باقاعدگی سے کراتی ہے۔ شاہین مشقوں کے سلسلے کی دسویں مشق اگلے سال چین میں منعقد کی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن