• news

شیخ رشید وزیر‘ ہم مشیر ان سے اختیارات کی کوئی جنگ نہیں: شہزاد اکبر

 اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعظم کے مشیر برائے داخلہ واحتساب شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ شیخ رشید سے اختیارات کی کوئی جنگ نہیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہزاد اکبر نے کہا کہ شیخ رشید وزیر ہیں۔ ان کے پاس اختیارات ہیں اور ہم مشیر ہیں۔ عدالت اپنے فیصلوں میں مشیروں کے اختیارات کا تعین کر چکی ہے۔ شہزاد اکبر نے کہا کہ ہر شخص ہر ادارہ قابل احترام ہے۔ ڈپٹی چیئرمین سینٹ سلیم مانڈوی والا بھی قابل احترام ہیں۔ کسی کو قانون پسند نہیں تو قانون بدل لیں۔ ترمیم کی گنجائش ہے۔ کسی ادارے کے افسر کو نشانہ بنانا مناسب نہیں۔ اگر کوئی رکن کسی کو چیک دے اور وہ باؤنس ہو تو قانون کے مطابق ایس ایچ او ایف آئی آر درج کرے گا۔ کیا اس پر رکن پارلیمنٹ کہے گا کہ میرا استحقاق متاثر ہوا ہے اور ہم اسے پارلیمنٹ میں بلا لیں گے؟۔ شہزاد اکبر نے کہا کہ نوازشریف کی برطانیہ سے بے دخلی کے لیے بات کی جس پر برطانیہ کو فیصلہ کرنا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن