مریم نواز کی سیاست شروع ہونے سے پہلے ہی ختم ہوگئی: شبلی فراز
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ہے کہ مریم نواز کی سیاست شروع ہونے سے پہلے ہی ختم ہو گئی۔ جمعرات کو وفاقی وزیر اطلاعات اور سینیٹر شبلی فراز نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ مریم نواز کا جلسوں سے ریلیوں اور کارنر میٹنگز تک کا سفر ان کے تاریک سیاسی مستقبل کی نشاندہی کرتا ہے۔ عوام کاز کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔ وہ مفاد پرست سیاست کا ایندھن بننے کیلئے تیار نہیں۔ ان کی سیاست شروع ہونے سے پہلے ہی ختم ہوگئی۔ ساتھ ہی وفاقی وزیر اطلاعات نے شاعرانہ انداز میں کہا کہ حسرت ان غنچوں پہ ہے جو بن کھلے مرجھا گئے۔ اس سے قبل اپنی ٹویٹ میں سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ڈس انفولیب نے بھارتی جھوٹ کے کاروبار کا پول کھولا ہے تو برطانوی ریگولیٹر آف کام نے بھارتی چینل ری پبلک کے پاکستان مخالف نفرت انگیز بیانئے کا پردہ چاک کردیا ہے۔ آف کام کا نوٹس بھارت کی عالمی سطح پر رسوائی کا مظہر ہے۔ سیکولرازم کا پرچار کرنے والا بھارت انتہاپسندی اور دہشت گردی کا مرکز بن گیا ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق شبلی فراز نے بابائے قوم کے یوم پیدائش پر پیغام میں کہا ہے کہ آج کے دن بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ قائداعظم نے ہمیں ہندو اور انگریزوں کے تسلط سے آزاد کرایا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے رول ماڈل قائداعظم محمد علی جناح ہیں۔ قائداعظم اور علامہ اقبال کے تصور کی روشنی میں فلاحی ریاست کے مشن پر کاربند ہیں۔