چینی سفیر کی مسلم لیگ (ن) کے وفد سے ملاقات، شریف برادران کی والدہ کے انتقال پر تعزیت
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے وفد سے پاکستان میں چین کے سفیرنونگ رانگ نے ملاقات کی۔ چینی سفیر نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کیلئے نیک تمناوں اور خیرسگالی کا پیغام پہنچایا اور شریف برادران کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت اور ہمدردی کی۔ چین کے سفیر نے مسلم لیگ (ن) کے دور میں سی پیک اور پاک چین تعلقات کے فروغ کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ سی پیک کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) کے تجربے اور صلاحیت کو قدرکی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ جمعرات کو پاکستان میں چین کے سفیرنونگ رانگ کی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اورمرکزی ترجمان اورنگزیب بھی موجود تھیں۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سی پیک کے عمل میں تاخیر افسوسناک ہے۔ پاکستان کے عوام اس میں تیزی دیکھنے کے خواہاں ہیں۔ پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط اور گہرے تعلقات خطے اور عالمی امن کے لئے اہم ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے کہاکہ سی پیک کو پاکستان اور خطے کے لئے گیم چینجر منصوبہ تصور کرتے ہیں۔ پاکستان اور چین آئرن برادرز اور بااعتماد دوست ہیں۔ پارٹی رہنماوں نے تعزیت اور ہمدردی کے پیغام پر چین کی حکومت، عوام اور چین کے سفیر کا شکریہ ادا کیا۔ ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہمارے دور میں پہلے پاک چائنا کلچرل ایکسچینج معاہدے پر دستخط ہوئے تھے، ہم سی پیک کو معاشی ترقی کے منصوبے سے ثقافتی شراکت داری کے اگلے مرحلے پر لے گئے تھے۔