بھارت نے مہم جوئی کی تو منہ توڑ جواب ملے گا: پاکستان
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان کے خلاف کسی قسم کی مہم جوئی کی تو اسے منہ توڑ جواب ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھارت کو خبردار کرے کہ وہ کسی بھی غیر ذمہ دارانہ اور علاقائی امن و سلامتی کو خطرے سے دوچار کرنے والے کسی بھی اقدام سے گریز کرے۔ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے توجہ ہٹانے کیلئے بھارت کنٹرول لائن پر اشتعال انگیزی کر رہا ہے۔ اسرائیل کو تسلیم کرنے کیلئے دبائو نہیں اور نہ ہی متحدہ عرب امارات کے وزیروں کے اجراء کا اس معاملہ سے کوئی تعلق ہے۔ ترجمان نے جمعرات کے روز ہفتہ وار پریس بریفنگ کے کے دوران کہا کہ بھارت اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے مقبوضہ وادی کی صورتحال سے توجہ نہیں ہٹا سکتا۔ بھارت کی جانب سے کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کو کچلنے کیلئے مظالم کا سلسلہ جاری ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان واضح کرچکا ہے کہ مسئلہ فلسطین کے حل تک اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کا متحدہ عرب امارات کے ویزا کے معاملے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے حالیہ دورہ متحدہ عرب امارات کے دوران اماراتی حکام سے متعدد عالمی و باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان باہمی مشاورت کا دور منعقد ہوا جس میں سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔ علاوہ ازیں پاکستان نے نگورنو-کاراباخ کی تاریخی فتح پر آذربائیجان کو مبارکباد پیش کی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ دنیا بھر میں بھارت کی پاکستان مخالف مہم بے نقاب ہوئی۔ جبکہ برطانیہ میں بھارت کے ریپبلک ٹی وی کو پاکستان کے خلاف مہم پر جرمانہ بھی ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے حالیہ ڈوزیئر میں بھارت کی طرف سے پاکستان میں تخریب کاری، منصوبہ بندی، مالی امداد اور رابطوں کو بے نقاب کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں محاصرے اور کریک ڈاؤن کو 500 سے زائد روز ہو چکے ہیں۔ رواں برس بھارت نے 3 ہزار 12 مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کی ہیں جن میں 28 نہتے شہری شہید ہوئے۔ ترجمان نے بتایا کہ بھارت میں پاکستانی ہندوؤں کا پاکستانی ڈاکٹر کی موجودگی میں پوسٹ مارٹم کی اجازت نہیں دی گئی۔ پاکستان نے بھارت سے پوسٹ مارٹم رپورٹ، جائے وقوع کی تصاویر اور بیانات طلب کیے تھے۔ بھارت میں قتل ہونے والے 11 پاکستانی ہندوؤں میں سے ایک مقتول کی بیٹی نے ایف آئی آر کروائی، ہمارا بھارت سے مطالبہ ہے کہ وہ پاکستانی ہندو تھے لہذا ہمیں تسلی بخش جواب دیا جائے۔ لیکن ابھی تک بھارت سے موصول شدہ معلومات تسلی بخش نہیں ہے۔ بھارت کی طرف سے پاکستان مخالف پراپیگنڈا اور غلط اطلاعات فراہم کرنے کی مہم کو بے نقاب کرنے سے بی جے پی حکومت کو رسوائی اٹھانا پڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی نشریاتی ادارے OFCOM کی جانب سے ریپبلک بھارت ٹی وی پر پاکستان مخالف شو کی وجہ سے جرمانہ عائد کرنا بھارتی حکومت کی طرف سے پاکستان کو بدنام کرنے کی مہم کا ایک اور ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ OFCOMکی کارروائی اور ای یو ڈس انفولیب کی حالیہ رپورٹ نے پاکستان کے اس دیرینہ موقف پر مہر تصدیق ثبت کر دی ہے کہ بھارت پاکستان کے خلاف ناقابل علاج جنونی کیفیت میں مبتلا ہے۔ ترجمان نے بھارتی حکومت پر زور دیا کہ وہ ریاستی پالیسی کے طور پر اختیار کردہ غلط پراپیگنڈا بند کر دے ۔ کینیڈا میں کریمہ بلوچ کے مبینہ قتل کے واقعہ پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کریمہ بلوچ کے قتل کے فوری بعد ٹورنٹو میں پاکستانی قونصل جنرل نے پولیس سے رابطہ کیا۔ کیونکہ کریمہ بلوچ پاکستانی شہری تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس کے مطابق کریمہ بلوچ کے قتل کے حوالے سے جرم کے کوئی شواہد نہیں ملے۔ اس ضمن میں کینیڈا کی پولیس کا بیان اہم ہے۔