• news

2 لیگی ارکان استعفوں کی تصدیق کیلئے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ طلب 

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ نیٹ نیوز) قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے مسلم لیگ (ن) کے دو ارکان مرتضی جاوید عباسی اور محمد سجاد کو استعفوں کی تصدیق کے لیے  قومی اسمبلی سیکرٹریٹ  سے رابطہ کرنے کے لئے مراسلہ جاری کر دیا ہے۔ مراسلے  میں کہا گیا ہے کہ دونوں ارکان  قومی اسمبلی کے استعفوں پر دستخط قومی اسمبلی   کے ریکارڈ میں ان کی طرف سے دئیے  گئے دستخطوں  کے مطابق ہیں۔ ارکان اپنے استعفوں کی تصدیق کے لئے سپیکر قومی اسمبلی کے سامنے پیش ہونے کی تاریخ سے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو مطلع کریں۔ جمعرات کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں ارکان قومی اسمبلی نے 14دسمبر 2020ء کو اپنے استعفے  اپنے سرکاری لیٹر پیڈ پر سپیکر قومی اسمبلی کو بھجوائے۔ ارکان کی جانب سے دی گئی تاریخ کے 7دن کے اندر انہیں استعفوں کی تصدیق کے بلایا جائے گا۔ مذکورہ ارکان کی جانب سے جواب نہ دینے کی صورت میں یہ تصور کیا جائے گا کہ انہوں نے اپنے دفاع میں کچھ نہیں کہنا۔ مذکورہ صورت میں ان کے  استعفوں کو منظور کر لیا جائے گا۔ مریم اورنگزیب نے پارٹی رہنماؤں سے براہ راست سپیکر قومی اسمبلی کو استعفے جمع کرانے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرتضیٰ جاوید عباسی اور محمد سجاد کے سپیکر قومی اسمبلی کو براہ راست استعفے جمع کرانے کی خبر غلط ہے۔ دونوں رہنماؤں نے اپنے استعفے پارٹی کے صوبائی صدر کو جمع کرائے تھے۔ امیر مقام نے یہ استعفے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کو بھجوائے ہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن