اکبر ایس بابر کیخلاف عمران کی 5 ارب روپے کی ہتک عزت درخواست مسترد
اسلام آباد (وقائع نگار) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج اسلام آباد محمد علی وڑائچ نے وزیراعظم کی جانب سے تحریک انصاف کے بانی رہنما اکبر ایس بابر کے خلاف 5 ارب روپے مالیت کی ہتک عزت کی دائر درخواست مسترد کر دی۔ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف نے جولائی 2019ء میں پارٹی اور اس کے سربراہ کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلانے کے الزام کے تحت پانچ ارب روپے مالیت کا ہتک عزت کا دعوی دائر کیا تھا۔ عدالت کے فیصلے پر 16دسمبر 2020ء کی تاریخ تحریر ہے۔ نومبر 2014ء میں فارن فنڈنگ کیس کے بعد سے اب تک تحریک انصاف اکبر ایس بابر کے خلاف ہتک عزت کے تین مختلف مقدمات دائر کر چکی ہے۔ ان میں سے ہتک عزت کا پہلا مقدمہ 2017ء میں ایڈیشنل سیشن جج راولپنڈی کی عدالت میں دائر کیا گیا تھا جسے ثبوت نہ ہونے کی وجہ سے بعد ازاں واپس لے لیا گیا تھا۔ جنوری 2020ء میں اکبر بابر کے خلاف فوجداری ازالہ حیثیت عرفی کا مقدمہ دائر کیا گیا تھا۔ اکبر بابر نے پی ٹی آئی کی طرف سے عائد کیے جانے والے الزامات کو بے بنیاد، من گھڑت اور بدنیتی پر مبنی قرار دیا۔ اکبر ایس بابر نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ اس درخواست کا عدالت سے مسترد ہونا ان کے موقف کی فتح ہے اور یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ آئین اور قانون کے تحت دیئے گئے اظہار رائے کی آزادی کا حق استعمال کرتے ہوئے حقائق کو بیان کرنا یا تنقید کرنا ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔