قسمت نے ساتھ دیا تو ٹیسٹ سیریز میں تبدیلی نظر آئیگی: محمد رضوان
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ قسمت نے ساتھ دیا تو نیوزی لینڈ کے خلاف بہت کچھ تبدیل نظر آئے گا۔ بطور کپتان حریف ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو فوکس کرتا ہوں۔ نیوزی لینڈ سے آن لائن پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم اور شاداب خان کی عدم موجودگی میں قومی ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دینے والے محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ان کا کپتانی کا کوئی پریشر نہیں ہے۔ اﷲ سے اچھا مانگتے ہیں وہ دیتا ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز بڑی اہمیت کی حامل ہے جسے کسی طور پر آسان نہیں لیا جائے گا۔ ٹیسٹ سیریز سے قبل اچھا پریکٹس سیشن کیا ہے جس میں کھلاڑیوں نے بیٹنگ، باولنگ اور فیلڈنگ کی بھرپور پریکٹس کی ہے۔ شاہینز کے کھلاڑیوں نے بھی ٹیم کو جوائن کر لیا ہے۔ محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان ٹیم کافی مضبوط ہے، تجربہ کار کھلاڑی سکواڈ کا حصہ ہیں، مجھے کسی قسم کا کوئی پریشر محسوس نہیں ہو رہا۔ نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں کونسا حتمی سکواڈ میدان میں اتارا جائے گا اس بات کا فیصلہ پچ دیکھ کر کیا جائے گا۔ ٹیم میں شامل ینگسٹرز کے لیے بہترین موقع ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کا اظہار کر کے پاکستان ٹیم کی جیت میں کردار ادا کریں۔ نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹی ٹونٹی میں جب پرفارم کیا تو پاکستان سے لوگوں کے بہت سارے واٹس اپ میسجز آئے کہ آپ نے اچھی اننگز کھیل کر بعض لوگوں کے منہ پر طمانچہ مارا ہے۔ میں ایسا ہر گز نہیں سوچتا۔ سب سے اﷲ کے لیے محبت رکھتا ہوں۔ پیچھے سے سب باتیں کرتے ہیں سامنے آ کر بات کرنے کی کسی میں ہمت نہیں ہوتی۔ پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے پی سی بی حکام اقدامات کر رہا ہے۔ فرسٹ الیون، سیکنڈ الیون، انڈر 19 اور انڈر 16 ٹورنامنٹ میں نوجوان کھلاڑیوں کو کھیل کے مواقعے فراہم کیے جا رہے ہیں۔ سرفراز احمد کے حوالے سے محمد رضوان کا کہنا تھا کہ انہوں نے بھی اپنے کیرئر میں اچھی کپتانی کی ہے، ان سے بہت کچھ سیکھا ہے۔ وہ بھی محنت کر رہا ہے اور میں بھی محنت کر رہا ہوں۔ اس وقت ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے مجھے موقع دیا گیا ہے میری پوری کوشش ہوتی ہے کہ ٹیم مینجمنٹ کی توقعات پر پورا اتر سکوں۔ محمدرضوان کا کہنا تھا کہ میری کوشش ہے کہ میچ سے پہلے کوئی بلند و بانگ دعوے نہ کروں۔ نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف جس طرح اچھی کرکٹ کھیلی ہے میری بھی کوشش ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف اچھی کرکٹ کھیل کر کامیابی حاصل کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کی مشکل وکٹیں کسی ایک ٹیم کے لیے نہیں ہیں، ہمارے پاس اچھے باوارز موجود ہیں جو حریف ٹیم کو آوٹ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ کپتان اور وکٹ کیپر بھی ہوں دیکھوں کا ٹیم کو کہاں پر میری ضرورت ہے اس نمبر پر بیٹنگ کے لیے آوں۔ ویسے شان مسعود، عابد، اظہر علی جیسے تجرہ کار بلے باز ٹیم میں موجود ہیں۔ شائقین کرکٹ کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی یکطرفہ مقابلہ نہیں ہوگا۔