اقلیتوں کو مساوی حقوق کی فراہمی ہمارے ایمان کا حصہ ہے: شاہ محمود
ملتان(نمائندہ نوائے وقت) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کرسمس کے حوالے سے مسیحی کمیونٹی کومبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ وطن عزیز میں بسنے والی اقلیتوں کو وہ تمام حقوق حاصل ہیں جو اسلام نے انہیں دیئے ہیں۔ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جس کے قومی پرچم میں اقلیتوں کو نمائندگی دی گئی ہے۔ اقلیتوں کو مساوی حقوق کی فراہمی ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ پاکستان میں اقلیتوں کو برابر حقوق حاصل ہیں۔آئین پاکستان بھی اقلیتوں کے یکساں حقوق کا محافظ ہے۔ اس کے برعکس ہمسائیہ ملک بھارت جو اپنے آپ کوسیکولر اورانسانی حقوق کا علمبردار کہتا ہے۔ وہاں پر اقلیتوں کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا جا رہا ہے اوراس وقت کشمیر اور بھارت کے اندر اقلیتوں کے ساتھ جو سلوک کیا جا رہا ہے و ہ دنیا کے سامنے ہے۔ حکومت پاکستان اقلیتوں میں کوئی فرق نہیں رکھتی اور انہیں ان کے مذہب کے مطابق زندگی گزارنے کے لئے بھر پور مواقع فراہم کررہی ہے۔ اور پاکستان میںاقلیتی برادر ی بھی ملکی ترقی و خوشحالی میں بھر پور کردار ادا کررہے ہیں۔انہوں نے کہا بین المذاہب ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ تب ہی ہم دنیا سے انتہا پسندی ‘ دہشت گردی جیسے چیلنجز سے بخوبی نبر آزماء ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا اسلام ایک امن پسند ملک ہے جو اقلیتوں کے ساتھ احترام ‘ محبت اور خلوص کیساتھ پیش آنے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا ہم کرسمس کے موقع پر اپنی مسیحی برادری کو مبارک باد پیش کرتے ہیں اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہم سب نے مل جل کر وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی کیلئے کام کرناہے اور اسے عظیم اسلامی ‘ معاشی ‘ فلاحی ریاست بنانا ہے۔ جس کا خواب بانی پاکستان محمد علی جناح نے دیکھا تھا۔