• news

آصف علی زرداری کا بانی پاکستان کو خراج عقیدت، مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد 

لاہور(نامہ نگار) سابق صدر مملکت اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے بانی پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم نہ صرف قانون دان بلکہ سیاستدان اور ترقی پسند لیڈر تھے۔ انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کے لئے الگ ملک بنایا تھا۔ اپنے پیغام میں سابق صدر نے کہا کہ بدقسمتی کی بات ہے کہ قائداعظم کے انتقال کے بعد انتہائی بے دردی کے ساتھ ان کے اصولوں کی نفی کی گئی۔ جمہوریت اور سیاستدانوں کے خلاف مہم جوئی کی گئی۔ وفاق کی طرف سے غیرمنصفانہ سلوک کی وجہ سے سانحہ مشرقی پاکستان رونما ہوا۔ آئین کے تحت بغیر کسی وقفے کے صوبوں کو این ایف سی ایوارڈ دیا جائے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ اس سوچ کو ختم کرنا ہوگا جس سوچ کی فیکٹری سے غداری کے سرٹیفکیٹ جاری ہوتے ہیں۔ آصف زرداری نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی اور کہا کہ قائداعظم نے غیر مسلموں کیلئے بھی محفوظ پاکستان بنایا تھا۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے 1973ء کے آئین میں غیر مسلم شہریوں کو برابری کے حقوق دیئے تھے۔ پیپلز پارٹی بینظیر شہید کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک میں بسنے والے غیر مسلم شہریوں کے حقوق کی حفاظت کرتی رہے گی۔

ای پیپر-دی نیشن