اقلیتوںکے حقوق کا تحفظ ریاست پاکستان‘ مسلمانوں کی ذمہ داری: طاہر اشرفی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان میں موجود تمام اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ریاست پاکستان اور مسلمانوں کی ذمہ داری ہے۔ مسیحی برادری کی خوشیوں میں پوری قوم شریک ہے۔ مسیحی برادری کا کرسمس کی تقریبات کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کا خیال رکھنے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام سمیت تمام انبیاء پر ایمان اسلام کی بنیادی شرط ہے۔ جبری شادی اور مذہب کی تبدیلی کا سلسلہ مکمل ختم کریں گے۔ اسلام جبر کی بنا پر کسی کو مسلمان بنانے کا حکم نہیں دیتا۔ اقلیتوں کے حقوق کے مزید تحفظ کیلئے مسلم علماء و مشائخ اور تمام مذاہب کے قائدین کی مشاورت سے اقدامات کریں گے ، تمام مذاہب و مسالک کے مقتدر قائدین کا اجلاس جنوری کے دوسرے ہفتہ میں اسلام آباد میں بلائیں گے۔ قوانین پرعمل کے ساتھ عوام میں محبت و احترام کیلئے بھی بیداری مہم چلائی جائے گی۔ عدم مذہبی آزادی کے حوالے سے بھارت اور پاکستان دشمن قوتوں کا پراپیگنڈہ بے نقاب ہو چکا ہے۔ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔یہ بات چیئرمین پاکستان علماء کونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے قومی اقلیتی کمیشن کے سربراہ ڈاکٹر چیلا رام کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ، انہوں نے کہا کہ رسول اکرم نے بیٹی ، بہن ، بیوی ، ماں کے حقوق کو واضح کر دیا ہے ، عورت کا مقام جو اسلام نے متعین کیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی ، پاکستانی اقلیتوں کی بیٹیاں بھی قوم کی بیٹیاں ہیں ان کا تحفظ ریاست اور مسلمانوں کی ذمہ داری ہے۔ جبری شادیوں اور مذہب کی تبدیلی کے حوالے سے قانون سازی اور دیگر امور میں علماء اسلام سے مشاورت جاری ہے۔ تمام مسالک و مکاتب فکر کے علماء اس بات پر متفق ہیں کہ پاکستان میں رہنے والے غیر مسلموں کے حقوق کا ہر سطح پر تحفظ ہونا چاہیے۔ ان کی عزت جان و مال محفوظ ہے اور جو کوئی قانون کو ہاتھ میں لیتا ہے اس کے خلاف بھرپور کارروائی ہونی چاہیے۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ کیلاش برادری پاکستان کی محترم برادری ہے ، کیلاش برادری کو اگر کوئی مسائل ہیں تو اس کے حل کیلئے وہ خود چترال کا دورہ کریں گے۔قومی اقلیتی کمیشن کے سربراہ ڈاکٹر چیلا رام نے کہا کہ حکومت نے اقلیتوں کے حقوق کیلئے جو اقدامات کا فیصلہ کیا ہے تمام اقلیتیں ان پر اعتماد کا اظہار کرتی ہیں اور حکومت سے ہرممکن تعاون کا یقین دلاتی ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان اقلیتوں کے مسائل سے آگاہ ہیں اور اس حوالہ سے نمائندہ خصوصی کے دفتر سے مکمل تعاون کیا جائے گا۔