چیئرمین نیب کو طلبی پر کمیٹی میں آنا ہوگا ورنہ ایک طریقہ کار ہے: سلیم مانڈوی والا
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ڈپٹی چیئرمین سینٹ سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ سینٹ اور قومی اسمبلی کی کمیٹی کسی بھی افسر کو بلا سکتی ہے میں نے کبھی نہیں دیکھا کہ کمیٹی نے کسی افسر کو بلایا ہو اور وہ نہ آیا ہو۔ چیئرمین نیب بھی ایک سرکاری افسر ہے ان کو بھی بلایا جا سکتا ہے۔ سینٹ کمیٹی نیب کے لوگوں کو پہلے بھی بلاتی رہی اور وہ آتے بھی رہے ہیں ہم نے پہلے کبھی چیئرمین نیب کو نہیں بلایا ڈی جی نیب آتے رہتے تھے انسانی حقوق پر لوگوں کو بڑی شکایات ہیں ان کو سنیں گے۔ چیئرمین نیب کو کمیٹی میں بلانا پڑا تو انہیں بلائیں گے۔ کمیٹی بلائے اور چیئرمین نیب نہ آئیں یہ نہیں ہو سکتا۔ اگر چیئرمین نیب نہیں آتے تو اس کا پھر ایک طریقہ کار ہے۔