• news

ہتھیار پھینکنے والا نہیں ، حکومت استعفیٰ دے پھر بات ہوسکتی ہے: فضل الرحمن

اسلام آباد +ڈیرہ اسماعیل خان (وقائع نگار خصوصی +نوائے وقت رپورٹ) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے سربراہ اور امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمن نے  کہا ہے کہ میں ہتھیار پھینکنے والوں میں سے نہیں۔ ڈی آئی خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا  کہ موسیٰ خان نیب کو شکست کو دے چکا ہے۔ وہ بہادری کے ساتھ نیب کا مقابلہ کر رہا ہے۔ اس کو سلام پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ نااہل حکومت کے خلاف لڑ رہا ہوں۔ اتفاق ہے کہ حکومت کو جانا چاہیے۔ میں ہیتھار پھینکنے والوں میں سے نہیں۔ پولیس کہتی ہے کہ آپ کی سکیورٹی کم کرنے کے لئے دباؤ ہے۔ فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ مولانا شیرانی کی بات کو پی ٹی آئی سپورٹ کر رہی ہے۔ فنکشنل لیگ اسٹیبلشمنٹ کی بی ٹیم ہے۔ حکومت اپنے استعفی اور عام انتخابات کا اعلان کرے پھر بات چیت ہو سکتی ہے۔ جنوری کو کراچی میں اسرائیل مردہ باد ریلی ہو گی۔ علاوہ ازیں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے سیکرٹری جنرل شاہد خاقان عباسی نے جمعہ کو  پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں پیپلزپارٹی کی جانب سے ضمنی انتخاب اور سینٹ الیکشن میں حصہ لینے کے معاملہ پر بات چیت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ رات مریم نواز نے بھی ضمنی انتخابات اور سینٹ الیکشن پر پیپلزپارٹی کے موقف پر مشاورت کی تھی۔ جس میں نوازشریف کی ہدایت پر شاہد خاقان عباسی نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی۔

ای پیپر-دی نیشن