• news

پی ایچ ایف کی لیگ پاکستان ہاکی کے مسائل کا حل نہیں:سمیع اللہ

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان سمیع اللہ نے کہاہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ہاکی لیگ پاکستان ہاکی کے مسائل کا حل نہیں کیونکہ لیگ میں شرکت کرنے والے چند مخصوص کھلاڑیوں کو پیسہ دینے سے بہتر ہے کہ گراس روٹ پر خرچ کیا جائے۔قومی ٹیم کیلئے غیرملکی کوچ کی ضرورت نہیں۔ہمیں کوالیفائیڈ غیر ملکی ٹرینر اور ویڈیو اینالسٹ کی ضرورت ہے جو 16 سے 17 سال کے کھلاڑیوں کیساتھ کام کرے۔ سینئر ٹیم میں آنے والوں کی تمام عادات پختہ ہوجاتی ہیں۔ نوجوانوں پر کام کرنے پر توجہ دینا پڑیگی، ملکی ہاکی کے مستقبل سے نا امید نہیں۔ بس نیک نیت ہو کر کام کرنا ہوگا۔ عالمی رینکنگ میں 17 نمبر کی ٹیم راتوں رات ورلڈ چیمپئن نہیں بن سکتی۔ہمیں سب سے پہلے ایشیا میں اپنی رینکنگ بہتر بنانا پڑیگی۔ ہاکی کو ٹھیک کرنے کیلئے کلب ہاکی کی سرپرستی کیساتھ اکیڈمیز بہت اچھا آپشن ہے۔ وہ تنقید برائے تنقید کا قائل نہیں۔ جب ٹیم ہارے گی تو کوئی بے وقوف ہی اس کی تعریف کریگا۔ جب ٹیم اچھا کھیل پیش کرتی ہے تو سب کھلاڑیوں کی پرفارمنس کو سراہتے ہیں۔ ہاکی فیڈریشن کو ملنے والی گرانٹ کا حساب دینے کیساتھ سپانسرز کا اعتماد بھی بحال کرنا ہوگا۔ پاکستان میں قومی کھیل کو ترقی دینے کیلئے تمام تر وسائل موجود ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن